برازیل کے حکام نے ہفتے کے روز طیارہ حادثے میں 62 افراد کی لاشیں نکالنے کا کام مکمل کر لیا ہے۔ جب کہ ماہرین نے حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کیلئے تباہ ہونے والے طیارے کے بلیک باکسز کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔

ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اے ٹی آر 500-72 طیارہ جمعے کے روز برازیل کے معاشی دارالحکومت ساؤ پالو سے تقریبا 80 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ونہیدو قصبے کے رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔

مقامی حکومت نے ہفتے کی شام بتایا کہ کل 62 لاشیں (34 مرد اور 28 خواتین) برآمد کی گئیں اور انہیں شناخت اور ان کے اہل خانہ تک پہنچانے کے لیے ساؤ پالو کے مردہ خانے لے جایا گیا۔

فنگر پرنٹس کے ذریعے پہلے ہی دو افراد کی شناخت کی جاچکی ہے اور ونہیڈو کے میئر ڈیریو پاچیکو کا کہنا ہے کہ وہ پائلٹ اور شریک پائلٹ تھے۔ ایوی ایشن فرم اے ٹی آر کی جانب سے تیار کردہ دو انجنوں والا ٹربوپروپ جنوبی ریاست پرانا کے کیسکاویل سے ساؤ پالو کے گورولہوس بین الاقوامی ہوائی اڈے کے لیے پرواز کر رہا تھا۔

برازیل کے ایروناٹیکل ایکسیڈنٹس انویسٹی گیشن اینڈ پریوینشن سینٹر (سی این آئی پی اے) کے ماہرین نے ملبے سے برآمد ہونے والے دو بلیک باکسز کا تجزیہ شروع کر دیا ہے، جس میں کیبن کی بات چیت اور پرواز کے دوران کے اعداد و شمار موجود ہیں۔

برازیل کی فضائیہ کا کہنا ہے کہ وہ ایک اندازے کے مطابق 30 دن کے اندر ایک ابتدائی رپورٹ شائع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

فلائٹ ریڈار 24 کی ویب سائٹ کے مطابق طیارے نے 17 ہزار فٹ (5 ہزار 180 میٹر) کی بلندی پر تقریبا ایک گھنٹے تک اڑان بھری اور مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 21 منٹ تک پرواز کی جب اس نے تباہ کن رفتار سے اونچائی کھونا شروع کی۔

ایئر فورس کی رپورٹ کے مطابق طیارے کا دوپہر ایک بج کر 22 منٹ پر ریڈار سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے کے عملے نے کسی بھی وقت ہنگامی حالت کا اعلان نہیں کیا اور نہ ہی موسم خراب تھا۔

’کوئی تکنیکی مسئلہ نہیں‘

یورپی کمپنی ایئربس اور اٹلی کے لیونارڈو کے مشترکہ ماتحت ادارے اے ٹی آر نے کہا ہے کہ اس کے ماہرین تحقیقات میں مدد کریں گے۔

نیشنل سول ایوی ایشن ایجنسی کا کہنا ہے کہ 2010 سے استعمال ہونے والا طیارہ موجودہ معیار کے مطابق تھا اور عملے کے چاروں ارکان مکمل طور پر سرٹیفائیڈ تھے۔

ووپاس کے آپریشنز ڈائریکٹر مارسل مورا نے کہا کہ حادثے سے ایک رات قبل طیارے کی معمول کی دیکھ بھال کی گئی تھی اور ’کوئی تکنیکی خرابی‘ نہیں پائی گئی تھی۔

قومی سوگ

صدر لوئیز اناسیو ڈی سلوا نے ملک کی تاریخ کے بدترین ایوی ایشن حادثے پر تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

Comments

200 حروف