پیرس اولمپکس 2024 میں ملک کا پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم کو پاکستان کی نامور شخصیات نے مبارکباد دی ہے۔

اس تاریخ ساز فتح نے پاکستان کو 40 سال بعد پہلا گولڈ میڈل اور 32 سال میں پہلا تمغہ دلایا۔

ارشد ندیم نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ جب میں نے جیولین تھرو کیا تو مجھے اسی وقت محسوس ہوگیا تھا کہ یہ اولمپک ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

پوری قوم نے اس کامیابی پر جشن منایا جس کے بارے میں بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ زیادہ قابل ذکر ہے کیونکہ پاکستان میں کھیلوں اور ایتھلیٹکس کی سہولتوں کو عام طور پرکم مالی اعانت فراہم کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 27 رکنی دستے میں 7 ایتھلیٹس پیرس بھیجے تھے جس پر ملک میں معیاری ایتھلیٹس کی کمی پر شدید تنقید کی گئی تھی۔

پاکستان میں ٹریک اینڈ فیلڈ کے لیے مناسب گراؤنڈ نہیں ہے اس لیے کھلاڑیوں کو کرکٹ کے میدان میں ٹریننگ کرنی پڑتی ہے۔

تاہم تمام تر مشکلات کے باوجود ارشد ندیم نے اپنی دوسری کوشش میں 92.97 میٹر تھرو کرکے ایک نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا جس نے پاکستان کی صلاحیتوں کو دنیا بھر میں اجاگر کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ یہ جیت نوجوان ایتھلیٹس کے لئے ایک متاثر کن مثال کے طور پر کام کرے گی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ کسی مقصد کے لئے سچی لگن لازمی طور پر کامیابی کا باعث بنتی ہے۔

سندھ حکومت نے اسٹار ایتھلیٹ کیلئے 5 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔

مشہور شخصیات نے اس فتح کا بھرپور جشن منایا جن میں تعلیمی کارکن، نوبل انعام یافتہ اور پروڈیوسر ملالہ یوسف زئی بھی شامل تھیں جنہوں نے ایکس پرارشد ندیم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ کس طرح ارشد ندیم نوجوان پاکستانیوں کو اپنے خوابوں پر یقین کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔

موسیقار سلمان احمد نے بھی ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ امید، طاقت، میرٹ اور محنت کی علامت ہیں۔

آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے نے بھی ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئےکہا کہ کس طرح انہوں نے بھارت کے نمبر ایک نیرج چوپڑا کو شکست دی ۔ انہوں نے بھارتی ایتھلیٹ کی والدہ کا انٹرویو بھی شیئر کیا۔

ماڈل و اداکارہ کرن ملک نے بھی ان کی ریکارڈ جیت پر مبارکباد دی۔

مصنفہ اور اداکارہ میرا سیٹھی نے یہ اعزاز پاکستان لانے پر اسٹار ایتھلیٹ کا شکریہ ادا کیا۔

گلوکارعلی ظفر نے اپنی فاؤنڈیشن کی طرف سے ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا ،گلوکار نے حکومت پاکستان سے ارشد ندیم کے نام پر اسپورٹس اکیڈمی قائم کرنے کی اپیل بھی کی۔

گلوکار و اداکار جنید خان نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایتھلیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو ’مسکرانے اور جشن منانے کی وجہ‘ دی ہے۔

اداکار شہروز سبزواری نے ایتھلیٹ کو مبارکباد دی اور شکریہ ادا کیا۔

ماڈل زاویار نے جیتنے والے ایتھلیٹ کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’کوئی وسائل یا سہولیات نہیں، کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ہم ایسے بھی ایک نیا اولمپک ریکارڈ قائم کریں گے۔

اتھلیٹ تھامس رولر نے پاکستانی کھلاڑی کی طرف سے قائم کیے گئے نئے اولمپک ریکارڈ کے بارے میں پوسٹ کیا۔

اداکارہ کنزہ ہاشمی، حرا مانی اور حرا ترین نے بھی اس میں حصہ لیا۔  .

موسیقار فیصل کپاڈیا اور اداکار محب مرزا نے کہا کہ انہیں ارشد ندیم پر فخر ہے ۔

Comments

200 حروف