کراچی ٹریفک پولیس نے ڈرائیورز اور موٹر سائیکل سواروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی رفتار کم رکھیں کیونکہ شہر میں ہلکی بوندا باندی سے سڑکیں پھسلن کا شکار ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں پولیس نے کہا کہ موٹر سائیکل سوار سفر کے دوران سڑک کے بائیں جانب کا استعمال کریں اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔
صبح 11 بجے پولیس نے بتایا کہ تین ہٹی سے گرومندر، چورنگی نمبر 1 سے لسبیلہ، شارع فیصل سے شہر کے مختلف حصوں اور راشد منہاس روڈ سے ڈرگ روڈ تک ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی ہے۔
شہر میں جمعہ سے ہلکی تیز بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے، لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ ٹریفک میں بھی متاثر ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حیدرآباد، ٹی ایم خان، ٹی اے یار، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور تھرپارکر اور کراچی ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
قبل ازیں پی ایم ڈی کا کہنا تھا کہ کراچی میں مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ 6 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 6 اگست تک حیدرآباد، ٹی ایم خان، ٹی اے یار، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور تھرپارکر اور کراچی ڈویژن میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ جیکب آباد، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، کشمور، لاڑکانہ، دادو، نوشہروفیروز، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، سکھر، سانگھڑ، مٹیاری، دادو، جامشورو، میرپورخاص، عمرکوٹ اور خیرپور میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے شہریوں کو موسم کی تازہ ترین معلومات اور الرٹس پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
Comments