وزیرِاعظم محمد شہبازشریف نے معاشی ٹیم کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی ٹرانسفارمیشن کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ جدید معیار کے مطابق ایف بی آر کی مجموعی ڈیجیٹائزیشن اور تنظیم نو ٹرانسفارمیشن پلان کا حصہ ہے۔

انہوں نے ایف بی آر کی تبدیلی کے منصوبے کی نگرانی کے لئے وزیر مملکت برائے خزانہ کو ذمہ داری تفویض کی۔

وزیراعظم کو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم اور ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔

انہوں نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے کوتاہیوں اور بے ضابطگیوں کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے نظام کو اپ گریڈ کرنے میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی کیلئے اقدامات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے ٹیکس نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایف بی آر میں اصلاحات ضروری ہیں، ہم پاکستان کے غریب عوام کی ایک ایک پائی بچانے کے لیے دن رات کام کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کوئی خلل قابل قبول نہیں ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، وزیر مملکت علی پرویز ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر احسان افضل اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Comments

200 حروف