محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مون سون بارشوں کا سلسلہ 6 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے شہر راجستھان سے مون سون کا ایک طاقتور سسٹم سندھ میں داخل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے منگل تک صوبے بھر میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 6 اگست تک حیدرآباد، ٹی ایم خان، ٹی اے یار، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور تھرپارکر اور کراچی ڈویژن میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ جیکب آباد، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، کشمور، لاڑکانہ، دادو، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، سکھر، سانگھڑ، مٹیاری، دادو، جامشورو، میرپورخاص، عمرکوٹ اور خیرپور میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش ریکارڈ کی گئی، کیماڑی میں 41 ملی میٹر، پی اے ایف مسرور بیس (ماڑی پور) میں 20 ملی میٹر، صدر اور قائد آباد میں 19 ملی میٹر، اورنگی ٹاؤن میں 18.2 ملی میٹر، کورنگی میں 16.2 ملی میٹر اور ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 14.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

سندھ اور پنجاب کو سیلاب کا خطرہ ہے، این ڈی ایم اے

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں کے باعث پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران سندھ کے شمال مشرقی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اس سسٹم کے تحت مٹھی، سانگھڑ، میرپورخاص، مٹیاری، جامشورو، عمرکوٹ، تھرپارکر، خیرپور، ٹھٹھہ، بدین، چھور، پڈعیدن، سجاول، کراچی، حیدرآباد، ٹنڈوالہیار، شہید بینظیر آباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو اور گردونواح میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح پوٹھوہار، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال اور گردونواح میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ تاہم بہاولپور، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ڈیزاسٹر منیجمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ یکم جولائی 2024 سے مون سون بارشوں کے نتیجے میں سیلاب کے سبب ملک بھر میں 123 سے زائد افراد جاں بحق اور 241 زخمی ہوئے ہیں۔

Comments

200 حروف