وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی متنازعہ انتخابی فتح کی توثیق کے بعد ہفتے کے روز نئے مظاہروں کی تیاری کی جا رہی ہے اور کئی ممالک نے ان کے حزب اختلاف کے حریف کو حقیقی فاتح کے طور پر تسلیم کیا ہے۔

مادورو اور ان کی اپوزیشن، جن کی قیادت ماریا کورینا ماچاڈو اور ان کے صدارتی امیدوار ایڈمنڈو گونزالیز اروتیا کر رہے ہیں، دونوں نے اپنے حامیوں سے اتوار کے روز ہونے والے متنازعہ ووٹنگ کے تناظر میں اس ہفتے کے آخر میں مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

جنوبی امریکی ملک سی این ای کی الیکشن اتھارٹی، جو مادورو کی وفادار ہے، نے جمعے کے روز مادورو کو 52 فیصد ووٹوں کے ساتھ فاتح قرار دیا اور کہا کہ گونزالیز اروتیا نے 43 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔

تاہم ارجنٹائن، کوسٹا ریکا، ایکواڈور، پاناما اور یوراگوئے نے امریکہ اور پیرو کے ساتھ مل کر حزب اختلاف کے گونزالیز اروتیا کو حقیقی منتخب صدر تسلیم کرتے ہوئے سرکاری نتائج کو مسترد کردیا۔

دوسری جانب 61 سالہ مادورو، جنہوں نے اپنی جیت پر ہونے والی تنقید پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے، نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو واشنگٹن کی جانب سے ’بغاوت‘ کا جواز پیش کرنے کے لیے بنایا گیا ایک ’جال‘ قرار دیا۔

انھوں نے ماچاڈو اور گونزالیز اروتیا کو بھی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے۔

مادورو 2013 سے تیل کی دولت سے مالا مال ملک کی قیادت کر رہے ہیں اور ان کی جی ڈی پی میں 80 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جس کی وجہ سے وینزویلا کے 3 0 ملین شہریوں میں سے 70 لاکھ سے زیادہ کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

ماہرین معاشی بدانتظامی اور امریکی پابندیوں کو اس تباہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔

مادورو کی جانب سے ٹربیونل سے انتخابی نتائج کی تحقیقات اور تصدیق کی درخواست کے بعد گونزالیز اروتیا سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے پیش نہیں ہوئے۔

تاہم سماعت کے لیے طلب کیے گئے دیگر اپوزیشن امیدواروں نے مطالبہ کیا کہ اتوار کے روز ہونے والے ووٹوں کی گنتی کے بعد ووٹوں کی تفصیلی گنتی کو منظر عام پر لایا جائے۔ حزب اختلاف کے ایک چھوٹے گروپ کے حصے کے طور پر مادورو کے خلاف انتخاب لڑنے والے اینریک مارکیز نے کہا کہ ووٹنگ ریکارڈ شفافیت کے لئے بنیادی ہیں، یہ امن کے لئے بنیادی ہیں۔

حزب اختلاف نے اس ہفتے ایک ویب سائٹ لانچ کی ہے جس میں ڈالے گئے 84 فیصد ووٹوں کی کاپیاں موجود ہیں، جس میں گونزالیز اروتیا کی آسانی سے جیت دکھائی گئی ہے۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ یہ جعلی ہیں۔

”میری جان کو خطرات لاحق ہیں“

ماچاڈو، جسے انتخابات لڑنے سے روک دیا گیا تھا، نے وال اسٹریٹ جرنل میں لکھا کہ میں اپوزیشن کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ چھپا ہوا ہوں اور ”میری جان کو خطرات لاحق“ ہیں۔

انہوں نے اپنے حامیوں پر زور دیا کہ وہ ہفتہ کے روز ملک بھر کے شہروں میں ریلی نکالیں تاکہ حزب اختلاف کی جیت کے بارے میں ”سچائی پر زور دیا جا سکے“۔

ماچاڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ہمارے پاس شواہد موجود ہیں اور دنیا پہلے ہی اسے تسلیم کر چکی ہے۔

مادورو نے ہفتے کے روز “امن کی فتح کا جشن منانے کے لئے ”مادر آف آل مارچز“ کی طرز پر روزانہ متحرک ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے اپوزیشن پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنی ریلیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

غیر سرکاری تنظیم ’فورو پینل‘ نے پیر اور منگل کو ہونے والے مظاہروں میں 11 افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے جب وینزویلا کے مشتعل لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور کہا کہ ان کے ووٹ چوری ہو گئے ہیں۔ ماچاڈو نے کہا کہ کم از کم 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ انتخابات کے بعد ہونے والے مظاہروں میں ایک ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔

اس کریک ڈاؤن نے حزب اختلاف کے حامیوں میں خوف پیدا کر دیا ہے۔

مشرقی کراکس میں پیٹرے کی کچی آبادی میں ایک کارکن کیٹیوسکا کیمارگو نے کہا کہ ہمارے پاس مرے ہوئے، زخمی، نظربند، لاپتہ لوگ ہیں، لوگ جانتے ہیں۔ وہ ڈرتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ وہ مسلح لوگوں کا سامنا کرنے جا رہے ہیں۔

”ٹھوس ثبوت“

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جمعرات کے روز کہا کہ اس بات کے “ٹھوس شواہد’ موجود ہیں کہ گونزالیز اروتیا نے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ بلنکن نے جمعے کے روز ماچاڈو اور گونزالیز اروتیا سے بات کی اور ان کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کیا اور سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے پر گونزالیز اروتیا کو مبارکباد دی۔

ایک مشترکہ بیان میں برازیل، کولمبیا اور میکسیکو نے نتائج کی ”غیر جانبدارانہ تصدیق“ پر زور دیا اور کراکس سے پولنگ اسٹیشنوں کے ذریعہ تقسیم کردہ ووٹنگ کے اعداد و شمار شائع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

2018 میں مادورو کے دوبارہ انتخاب کو لاطینی امریکہ کے درجنوں ممالک کے ساتھ ساتھ امریکہ اور یورپی یونین کے رکن ممالک نے بھی مسترد کر دیا تھا۔

انہیں فوجی قیادت، انتخابی اداروں، عدالتوں اور دیگر ریاستی اداروں کے ساتھ ساتھ روس، چین اور کیوبا کی حمایت حاصل ہے۔

Comments

200 حروف