نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مون سون کی موسلادھار بارشوں کے باعث پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران سندھ کے شمال مشرقی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اس سسٹم کے تحت مٹھی، سانگھڑ، میرپورخاص، مٹیاری، جامشورو، عمرکوٹ، تھرپارکر، خیرپور، ٹھٹھہ، بدین، چھور، پڈعیدن، سجاول، کراچی، حیدرآباد، ٹنڈوالہیار، شہید بینظیر آباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو اور گردونواح میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح پوٹھوہار، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال اور گردونواح میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ تاہم بہاولپور، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو سیلاب اور شدید موسم کے ممکنہ اثرات کو کم کرنے کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Comments

200 حروف