پاکستان

تہران میں اسماعیل ہنیہ کا قتل عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، شہباز شریف

  • فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت پر عالمی برادری کی خاموشی تشویش کا باعث ہے، وزیراعظم
شائع August 1, 2024

وزیر اعظم شہباز شریف نے تہران میں حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک وحشیانہ فعل اور بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی دوسرے ملک کی سرزمین پر قتل کے اس وحشیانہ اقدام کی پاکستان، ترکی، روس، ایران، چین اور ملائیشیا سمیت دنیا بھر میں مذمت کی گئی ہے اور ان ممالک نے اسماعیل ہنیہ پر اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت پر عالمی برادری کی خاموشی انتہائی تشویش کا باعث ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اسلام آباد میں اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت عالمی اداروں کی منظور کردہ قراردادوں اور عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کے ظلم و ستم کو نسل کشی قرار دیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل کو اس نسل کشی سے روکنا جدید دنیا کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

تاہم وزیراعظم نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی مذمت کرنے والے ممالک کی تعریف کی۔

Comments

200 حروف