کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ جمعرات شہر قائد میں بارش کے دوران ادارے کا نیٹ ورک مستحکم ہے ۔

شہر کی واحد بجلی کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 2100 میں سے 2 ہزار سے زائد فیڈرز ٹھیک کام کررہے ہیں جب کہ 100 سے کم فیڈرز پر بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے۔

محکمہ موسمیات نے یکم سے 6 اگست تک ملک بھر میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کی صبح شہر میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی۔

صبح 11 بجے جمع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 13 ملی میٹر، ایم او ایس (اولڈ ایریا ایئرپورٹ) میں 11.1 ملی میٹر، پی اے ایف فیصل بیس اور قائد آباد میں 6 ملی میٹر، کیماڑی میں 5.5 ملی میٹر، گڈاپ میں 5.3 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 4 ملی میٹر، کورنگی میں 3.2 ملی میٹر اور حسن اسکوائر میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کے الیکٹرک نے اپنے بیان میں شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بجلی کے بنیادی ڈھانچے سے فاصلہ رکھیں اور بارش کے دوران بجلی کے سوئچ یا واٹر موٹرز جیسے آلات کا استعمال نہ کریں۔

Comments

200 حروف