جولائی میں مہنگائی نومبر2021 کے بعد کم ترین سطح پر،11.1 فیصد ریکارڈ
- مہنگائی کی شرح سرکاری توقعات سے کم، اندازہ 12 سے 13 فیصد کے درمیان لگایا گیا تھا۔
رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی 2024 کے دوران پاکستان میں افراط زر کی شرح سالانہ بنیاد پر 11.1 فیصد رہی جو جون 2024 کے مقابلے میں کم ہے، جب یہ 12.6 فیصد تھی۔
مہنگائی کی شرح سرکاری توقعات سے کم ہے۔ وزارت خزانہ نے منگل کو جاری ماہانہ اقتصادی آؤٹ لک میں کہا تھا کہ جولائی میں افراط زر کی شرح 12 سے 13 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
افراط زر کے اعداد و شمار اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے بنیادی پالیسی ریٹ میں 100 بیسس پوائنٹس کی کمی کے بعد سامنے آئے ہیں، شرح سود کو 19.5 فیصد تک کم کیا گیا ہے،اس موقع پر ایم پی سی نے کہا تھا کہ مالی خسارے اور توانائی کی قیمتوں کی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق ایڈہاک فیصلوں سے افراط زر بڑھنے کا خطرہ ہے۔
تاہم افراط زر کے اعداد و شمار متعدد بروکریج ہاؤسز کے اندازوں کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔
فاؤنڈیشن سیکورٹیز کو توقع تھی کہ سی پی آئی ”جولائی میں سالانہ 10.5 فیصد“ تک رہے گا۔
انہوں نے کہا تھا کہ غذائی افراط زر میں کمی اور بنیادی افراط زر کی وجہ سے مالی سال 25 میں افراط زر میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔ (1) گزشتہ 2 سالوں میں مالیاتی سختی کے منفی اثرات، (2) سازگار بنیادی اثرات، (3) بہتر مقامی فصل ، (4) متوقع سازگار عالمی اور مقامی حالات اور (5) مستحکم شرح تبادلہ کی وجہ سے قیمتیں مستحکم رہنے کی توقع ہے۔
اسی طرح ایک اور بروکریج ہاؤس جے ایس گلوبل نے اپنی علیحدہ رپورٹ میں جولائی میں افراط زر کی شرح 10.5 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا تھا۔
جے ایس گلوبل نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ جولائی 2024 میں مہنگائی مزید کم ہو کر 10.5 فیصد رہ جائے گی جبکہ ماہانہ بنیاد پر 1.6 فیصد اضافے کے باوجود پاکستان کی حقیقی شرح سود (آر آئی آر) انتہائی بلند ترین سطح پر برقرار ہے، جو مہنگائی کی شرح سے 10 فیصد زیادہ ہے۔
شہری اور دیہی افراط زر
ادارے شماریات کے مطابق جولائی 2024 میں شہری افراط زر کی شرح سالانہ بنیاد پر 13.2 فیصد رہی جبکہ جون 2024 میں 14.9 فیصد اور جولائی 2023 میں 26.3 فیصد تھی۔
ماہانہ بنیاد پر جولائی 2024 میں یہ شرح 2.0 فیصد رہی جبکہ گزشتہ ماہ یہ 0.6 فیصد تھی، جولائی 2023 میں 3.6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
دیہی علاقوں میں افراط زر جولائی 2024 میں سالانہ بنیاد پر بڑھ کر 8.1 فیصد تک پہنچ گیا جبکہ گزشتہ ماہ میں 9.3 فیصد تھا ،اس میں جولائی 2023 میں 31.3 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔
ماہانہ بنیاد پر جولائی 2024 میں یہ بڑھ کر 2.2 فیصد ہوگئی جبکہ جون 2024 میں 0.3 فیصد اور جولائی 2023 میں 3.3 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
Comments