لاہور میں بارشوں کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا،بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، مختلف علاقوں کے تقریباً 400 سے زائد فیڈرز بھی ٹرپ ہوگئے ۔

ریجنل میٹرولوجیکل سینٹر کے مطابق لاہور میں جمعرات کی صبح ریکارڈ توڑ بارش ہوئی جو گزشتہ 44 سال میں سب سے زیادہ ہے۔

آج نیوز کے مطابق موسلادھار بارش نے بڑے پیمانے پر سیلابی صورتحال پیدا کردی، پانی گھروں میں داخل ہو گیا، سڑکیں اور شاہراہیں ڈوب گئیں جب کہ بارش کا پانی سروسز اور میو اسپتال کی ایمرجنسی میں داخل ہو گیا جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو سب سے زیادہ لاہور ائرپورٹ پر 337 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بزنس ریکارڈر سے بات کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے سینئر ماہر موسمیات ڈاکٹر رانا محمد عاطف نے بتایا کہ آج لاہور شہر میں موسلادھار بارش ہوئی ہے جس نے جولائی 1980 میں 24 گھنٹوں کے دوران 332 ملی میٹر بارش کا ریکارڈ توڑ دیا۔

ڈاکٹر عاطف نے بتایا کہ اگست میں یہ 2008 کے بعد سے سب سے زیادہ بارش تھی جب شہر میں 24 گھنٹوں کے دوران 221 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

موسلا دھار بارش کے باعث شہر بھر میں کئی فیڈرز ٹرپ ہوگئے جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یکم اگست سے 6 اگست تک ملک بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سیلاب سے متعلق ایڈوائزری بھی جاری کی ہے جس میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور دیگر متعلقہ محکموں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ملک کے وسطی اور جنوبی حصوں میں 6 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے چوکس رہیں۔

Comments

200 حروف