پاکستان واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے ریئل ٹائم ڈسچارج مانیٹرنگ کے لیے انڈس بیسن ایریگیشن سسٹم (آئی بی آئی ایس) کے 27 اہم مقامات پر ٹیلی میٹری سسٹم کی تنصیب کے لیے 21 ارب 53 کروڑ 40 لاکھ روپے کا ٹھیکہ دے دیا۔

یہ ٹھیکہ سی ڈیجیٹل اور ایچ بی سی سی پر مشتمل جوائنٹ وینچر (جے وی) کو دیا گیا ہے جبکہ سیمنز کو جے وی میں سب کنٹریکٹر کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ معاہدے کے مطابق تنصیب کے بعد ٹیلی میٹری سسٹم دسمبر 2026 میں شروع کیا جائے گا۔

معاہدے پر واپڈا کی جانب سے چیف انجینئر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر انڈس ٹیلی میٹری پراجیکٹ وسیم علی اور سی ڈی ڈیجیٹل کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد احسن بشیر نے دستخط کیے۔

ممبر ارسا (پنجاب)، ممبر (فنانس)، ممبر (واٹر)، ممبر (پاور)، جنرل منیجر (ہائیڈرو ریسورس مینجمنٹ) اور 45 انجینئرنگ ڈویژن کے نمائندوں، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

واضح رہے کہ وزارت آبی وسائل نے واپڈا کو انڈس بیسن ایریگیشن سسٹم پر ٹیلی میٹری سسٹم کے نفاذ کی اہم ذمہ داری سونپی ہے تاکہ وفاقی اکائیوں میں پانی کی تقسیم کے مسائل کو حل کیا جاسکے۔ انڈس ٹیلی میٹری منصوبے کے منظور شدہ پی سی ون کی لاگت 23.834 ارب روپے ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف