پاکستان میں فرٹیلائزر پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنیوں میں سے ایک فوجی فرٹیلائزر کمپنی (ایف ایف سی) نے 30 جون 2024 کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں 25.01 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 12.44 ارب روپے کے مقابلے میں دگنے سے بھی زیادہ ہے۔

پیر کو اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کمپنی کی جانب سے شیئر کیے گئے مالیاتی نتائج کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس 30 جولائی 2024 کو ہوا جس میں کمپنی کی مالی اور آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 30 جون 2024 کو ختم ہونے والی ششماہی کے لیے 10 روپے فی حصص یعنی 100 فیصد نقد منافع کا اعلان کیا۔ یہ ایک عبوری منافع کے علاوہ ہے جو پہلے ہی 5.5 روپے فی حصص یعنی 55 فیصد پر ادا کیا جا چکا ہے۔

مالی سال 2024 کی دوسری سہ ماہی میں فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 19.33 روپے ریکارڈ کی گئی جب کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں ای پی ایس 9.48 روپے تھی۔

اس عرصے کے دوران ایف ایف سی کی آمدنی تقریبا 51 فیصد اضافے کے ساتھ 64.53 ارب روپے تک پہنچ گئی۔

مالی سال 24 کی دوسری سہ ماہی میں کمپنی کا مجموعی منافع تقریبا 63 فیصد اضافے کے ساتھ 36.2 ارب روپے رہا جب کہ ایس پی ایل وائی میں یہ 22.21 ارب روپے تھا۔ نتیجتا، ایف ایف سی کا منافع 2024 کی سہ ماہی میں 56.09 فیصد تک بڑھ گیا جب کہ ایس پی ایل وائی میں 51.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔

مالی سال 2024 کی دوسری سہ ماہی کے دوران ایف ایف سی کی دیگر آمدنی بھی بڑھ کر 5.09 ارب روپے ہوگئی جو ایس پی ایل وائی میں 3.01 ارب روپے تھی جو تقریبا 69 فیصد اضافہ ہے۔

دوسری جانب کمپنی کی فنانس لاگت 23 کی دوسری سہ ماہی کے 1.56 ارب روپے سے تقریبا 6 فیصد کم ہوکر 2024 کی سہ ماہی میں 1.47 ارب روپے رہ گئی۔

مالی سال 2024 کی دوسری سہ ماہی میں کمپنی کے دیگر اخراجات 103 فیصد اضافے کے ساتھ 2.4 ارب روپے تک پہنچ گئے جب کہ ایس پی ایل وائی میں یہ 1.18 ارب روپے تھے۔

کمپنی نے بتایا کہ اس نے اپنی مصنوعات کو کمپنی کی ملکیت والے اسٹورز / آؤٹ لیٹس کے ذریعے فروخت کرنا شروع کردیا ہے۔

کمپنی نے کہا کہ اس چینل میں سرمایہ کاری سے ملک بھر کے کسانوں کو فائدہ ہوگا کیونکہ تمام سیلز اضلاع میں تقریبا 70 ایسے آؤٹ لیٹس کھولے جارہے ہیں جو 2024 کی تیسری سہ ماہی کے اختتام تک فعال ہوجائیں گے۔

Comments

200 حروف