نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 3 اگست تک ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے جس کے بعد کراچی کے متعدد علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی ہے۔
آج نیوز کے مطابق خلیج بنگال سے آنے والی مون سون سسٹم کے زیر اثر گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، صدر، کلفٹن، گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، کیماڑی، لیاقت آباد اور گرومندر کے علاقوں میں بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ دوپہر تک کراچی میں اچھی بارش کا امکان ہے اور موجودہ سسٹم رات گئے تک سندھ سے باہر چلا جائے گا۔
تاہم 4 اگست سے شدید مون سون ہوائیں مشرقی سندھ سے داخل ہوں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 4 سے 6 اگست کے دوران سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے اور اس دوران کراچی میں بھی اچھی بارش کا امکان ہے۔
Comments