وزیراعظم شہباز شریف نے اہم ویزا اصلاحات کا اعلان کیا ہے جس کے تحت 126 ممالک کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو آن لائن نظام کے تحت 24 گھنٹوں کے اندر ویزے حاصل کرنے کی سہولت ملے گی۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق یہ اعلان سفر اور سرمایہ کاری کی مزید حوصلہ افزائی کے لیے کیا گیا ہے، 126 ممالک کے تاجروں اور سیاحوں کے لیے ویزا فیس معاف کی جائے گی۔
وزیراعظم نے نئی ویزا پالیسی کو انتہائی مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ توقع ہے کہ اس سے سیاحت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا ، اس کے ساتھ ساتھ ملک کے اندر تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
اہم اصلاحات میں حکومت نے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک کے تاجروں کیلئے ویزا فری انٹری کی منظوری دے دی ہے جس سے ان خطوں سے سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع میں اضافہ متوقع ہے۔
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ویزا پالیسی میں اصلاحات پاکستان کو بین الاقوامی کاروبار اور سیاحت کے لئے ایک پرکشش مقام کے طور پر پیش کریں گی۔
تیسرے ممالک کے پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ سفر کو آسان بنانے کے لیے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ائرپورٹس پر الیکٹرانک گیٹس لگائے جائیں گے۔
مزید برآں، نئے ویزا نظام کے نفاذ کی نگرانی کے لئے وزارت داخلہ میں ایک ڈیش بورڈ قائم کیا جائے گا جس میں ویزا فری انٹریز، بزنس ویزا اور سیاحتی ویزا کی نگرانی بھی شامل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نئی ویزا پالیسی پر عمل درآمد میں وزارت داخلہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے کردار کو سراہا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024
Comments