سری لنکا ویمنز نے دفاعی چیمپیئن بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار ویمنز ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
سمرتی مندھانا کے 47 گیندوں پر 60 اور رچا گھوش کے 14 گیندوں پر 30 رنز کی بدولت بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ سری لنکا کی بالر کاویشا دلہاری نے 36 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم کا آغاز اچھا نہ ہوسکا اور وشمی گنارتنے جلد آؤٹ ہو گئی لیکن کپتان چماری اتھاپاتھو نے 43 گیندوں پر 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کا ساتھ ہرشیتا سماراوکرما نے دیا جو 51 گیندوں پر 69 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ کویتا دلہاری نے 16 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔ سری لنکا نے صرف 18.4 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔
دمبولا میں سری لنکن شائقین اس وقت خوشی سے جھوم اٹھے جب سری لنکا نے سات بار کی چیمپیئن ٹیم کو شکست دے کر تاریخی فتح حاصل کی۔ چماری اتھاپاتھو اور ان کی ٹیم نے واقعی اپنی پہچان بنائی ہے اور ایک ایسی فتح حاصل کی جسے آنے والے سالوں تک یاد رکھا جائے گا۔
Comments