دفتر خارجہ نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کو مسترد کردیا ہے کہ جرمنی نے فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر حملے میں ملزمان کو پاکستان کے حوالے کردیا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران مشتبہ افراد کی مبینہ طور پر پاکستان منتقلی کے بارے میں پوچھے جانے پر اس رپورٹ کو ’جعلی خبر‘ قرار دیا۔
یہ واقعہ 20 جولائی کو اس وقت پیش آیا جب فرینکفرٹ میں ایک مظاہرے کے دوران مظاہرین کے ایک گروپ نے پرتشدد احتجاج شروع کردیا تھا۔ مظاہرین نے قونصل خانے میں توڑ پھوڑ کی، عمارت پر پتھراؤ کیا اور پاکستانی پرچم ہٹاکر اس کی بے حرمتی کی۔
حملے کے بعد جرمن حکام نے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید ملزمان کی شناخت کے لیے ویڈیو فوٹیج کا استعمال کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
پاکستان نے حملے کی شدید مذمت کی اور جرمن حکومت سے باضابطہ احتجاج کرتے ہوئے ملوث افراد کو گرفتار کرنے اور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ کیا۔ پاکستان نے جرمنی پر بھی زور دیا ہے کہ وہ سیکورٹی کی ان کوتاہیوں کو دور کرے جن کی وجہ سے یہ حملہ ہوا۔
Comments