پاکستان

مالی سال 24 : متعدد فنانسنگ ذرائع سے 9.811 ارب ڈالر قرض لیا گیا

  • آئی ایم ایف اور متحدہ عرب امارات کے انفلوز کو شامل کیا جائے تو 17.619 ارب ڈالر کے ہدف کے مقابلے میں کل رقوم 13.804 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی
شائع July 27, 2024

مالی سال 2023-24 کے دوران متعدد فنانسنگ ذرائع سے 9.811 ارب ڈالر قرض لیا گیا جو 17.619 ارب ڈالر کے سالانہ ہدف سے کافی کم ہے۔

اگر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) اور متحدہ عرب امارات کے انفلوز کو شامل کیا جائے تو مالی سال 2023-24 کے دوران کل رقوم 13.804 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی جبکہ پورے مالی سال 2023-24 کے لیے 17.619 ارب ڈالر کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ مالی سال 23-2022 کے دوران پاکستان نے 10.844 ارب ڈالر کا قرض لیا تھا۔

اعداد و شمار سے مزید پتہ چلتا ہے کہ جون 2024 میں 2.257 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے جبکہ جون 2023 میں 2.231 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے، جس میں غیر ملکی کمرشل بینکوں سے 999.04 ملین ڈالر شامل تھے۔

حکومت نے مالی سال 2023-24 کے لیے آئی ایم ایف سے 2.4 ارب ڈالر کا بجٹ مختص کیا تھا اور اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کے تحت 3 ارب ڈالر وصول کیے تھے۔ تاہم ای اے ڈی کے اعداد و شمار اس کی عکاسی نہیں کرتے ہیں۔

مزید یہ کہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے 1 ارب ڈالر کی رقم کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ اگر آئی ایم ایف اور متحدہ عرب امارات کے انفلوز کو شامل کیا جائے تو مالی سال 2023-24 کے دوران کل رقوم 13.804547 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔ 9.811 ارب ڈالر میں سعودی عرب سے ٹائم ڈپازٹ کی مد میں موصول ہونے والے 2 ارب ڈالربھی شامل ہیں۔

اعداد و شمار سے مزید ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت نے مالی سال 2023-24 کے لئے غیر ملکی کمرشل بینکوں سے 4.5 ارب ڈالر کا تخمینہ لگایا تھا۔ تاہم مالی سال 2023-24 میں چین کے ترقیاتی بینک سے صرف 999.04 ملین ڈالر موصول ہوئے۔

حکومت نے بانڈز کے اجراء سے 1.5 ارب ڈالر کا بجٹ مختص کیا تھا ، چونکہ بانڈز جاری نہیں کیے تھے اس لیے 2023-24 کے دوران اس مد میں کوئی رقم وصول نہیں ہوئی۔

حکومت نے مالی سال 2023-24 کے لیے مختلف فنانسنگ ذرائع سے 17.619 ارب ڈالر کا بجٹ مختص کیا تھا جس میں 17.384 ارب ڈالر کے قرضے اور 234.60 ملین ڈالر کی گرانٹ شامل تھی۔

مالی سال 2023-24 کے دوران ”نیا پاکستان سرٹیفکیٹ“ کی مد میں ملک کو 1.104 ارب ڈالر موصول ہوئے۔

پاکستان نے 2023-24 کے دوران کثیر الجہتی سے 4.279 ارب ڈالر اور دوطرفہ سے 919.43 ملین ڈالر وصول کیے ۔ نان پروجیکٹ امداد 6.777 ارب ڈالر تھی جس میں 5.583 ارب ڈالر بجٹ سپورٹ اور 3.033 ارب ڈالر منصوبے کی امداد شامل تھی۔

چین نے چائنا نیشنل ایرو ٹیکنالوجی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن (سی اے ٹی آئی سی) کی مالی اعانت سے جے ایف 17 بی منصوبے کی مد میں 508.34 ملین ڈالر جاری کیے۔ چین نے مالی سال 2023-24 کے لیے حکومت کے 18.54 ملین ڈالر کے بجٹ کے مقابلے میں 69.14 ملین ڈالرجاری کیے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے مالی سال 24-2023 کے بجٹ 2.086 ارب ڈالر کے مقابلے میں اس عرصے کے دوران 1.327 ارب ڈالر جاری کیے۔

سعودی عرب نے 2023-24 کے دوران تیل کی تنصیب کی مد میں 600 ملین ڈالر کے بجٹ کے مقابلے میں 595.18 ملین ڈالر فراہم کیے۔ سعودی عرب نے مالی سال 2023-24 میں مزید 66.29 ملین ڈالر جاری کیے۔

امریکہ نے مالی سال 2023-24 کے بجٹ 21.60 ملین ڈالر کے مقابلے میں 40.18 ملین ڈالر فراہم کیے۔ مالی سال 2023-24 کے دوران کوریا نے 35.64 ملین ڈالر اور فرانس نے 49.57 ملین ڈالر دیے۔

آئی ڈی اے نے مالی سال 2023-24 ء کے بجٹ 1.489 ارب ڈالر کے مقابلے میں 1.922 ملین ڈالر اور آئی بی آر ڈی نے 840.36 ملین ڈالر کے بجٹ کے مقابلے میں 295.87 ملین ڈالر فراہم کیے ۔ آئی ایس ڈی بی (شارٹ ٹرم) نے مالی سال 2023-24 کے بجٹ میں 500 ملین ڈالر کے مقابلے میں 250 ملین ڈالر اور اے آئی آئی بی نے 344.99 ملین ڈالر جاری کیے جبکہ آئی ایف اے ڈی نے مالی سال 2023-24 کے بجٹ کے 42.68 ملین ڈالر کے مقابلے میں 42.43 ملین ڈالر جاری کیے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف