تازہ ترین ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق 2024 میں پاکستان ایک بار پھر بدترین پاسپورٹ رکھنے والے ممالک میں شامل ہے۔ اس فہرست میں پاکستان ایک بار پھر چوتھا بدترین پاسپورٹ رکھنے والا ملک رہا ہے تاہم پاکستان فہرست میں عراق، شام اور افغانستان سے اوپر ہے۔

رینکنگ میں پاکستان 103 میں سے مشترکہ طور پر یمن کے ساتھ 100 ویں نمبر پر ہے۔

جنوری میں شائع ہونے والی گزشتہ رینکنگ میں بھی پاکستان کا پاسپورٹ عراق، شام اور افغانستان کے بعد دنیا کا چوتھا بدترین پاسپورٹ تھا۔

دوسری جانب سنگاپور 195 موبلٹی اسکور کے ساتھ سرفہرست ہے، سنگاپور کے شہریوں کو ویزا کے بغیر 159 ممالک تک رسائی حاصل ہے جبکہ فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور اسپین 192 مقامات تک رسائی کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں۔

190 ممالک تک رسائی حاصل ہونے کے بعد برطانوی پاسپورٹ چوتھے نمبر پر رہا۔

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس، جو لندن میں مقیم عالمی شہریت اور رہائشی مشاورتی فرم ہینلے اینڈ پارٹنرز نے بنایا ہے، بین الاقوامی ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے خصوصی ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے عالمی آزادیوں کی خصوصی نگرانی کرتا ہے۔

انڈیکس میں 199 مختلف پاسپورٹ اور 227 مختلف سفری مقامات شامل ہیں۔

فہرست میں متحدہ عرب امارات کی 2 درجے ترقی ہوئی ہے اور وہ سال کے اوائل میں 11 ویں سے اب نویں نمبر پر آگیا ہے۔ اس نے لتھوانیا اور ایسٹونیا کے ساتھ اس مقام کا اشتراک کیا ۔ اماراتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو 185 ممالک میں ویزا کے بغیر رسائی حاصل ہے۔

کینیڈا 186 کے موبلٹی اسکور کے ساتھ 7 ویں اور ریاستہائے متحدہ امریکہ 8 ویں نمبر پر رہا۔

بھارت، تاجکستان اور سینیگال مشترکہ طور پر 82 ویں نمبر پر ہیں، ان ممالک کے پاسپورٹ پر 58 ممالک میں ویزا کے بغیر رسائی حاصل ہے۔

بحرین، عمان اور چین بالترتیب 57، 58 اور 59 ویں نمبر پر رہے۔

Comments

200 حروف