عالمی سطح پر سائبر سائبر سسٹم میں خرابی کے باوجود پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا آپریشن بڑے پیمانے پر متاثر نہیں ہوا ہے۔ سائبر میں خرابی کے باعث دنیا بھر کے ممالک کو متعدد پروازیں منسوخ کرنا پڑی ہیں۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ ایچ خان نے بزنس ریکارڈ کو بتایا کہ جیسے ہی انٹرنیٹ متاثر ہوا پی آئی اے نے فضائی آپریشن کے متبادل نظام کو اپنا لیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ایک پرواز قدرے تاخیر کا شکار ہوئی تاہم دیگر تمام پروازیں مکمل طور پر معمول کے مطابق ہیں۔

جمعہ کے روز ایک سافٹ ویئر اپ ڈیٹ نے عالمی سطح پر کمپیوٹر سسٹم پر تباہی مچا دی۔ اس کے سبب پروازیں روک دی گئیں جبکہ کچھ براڈ کاسٹرز کو بند کرنا پڑا اور بینکنگ سے لے کر صحت تک کے شعبوں کی خدمات بھی متاثر ہوئیں۔

امریکہ کی بڑی فضائی کمپنیوں نے مواصلاتی مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے جمعے کے روز گراؤنڈ اسٹاپ کا حکم دیا ہے جبکہ دنیا بھر کی دیگر فضائی کمپنیوں، میڈیا کمپنیوں، بینکوں اور ٹیلی کام کمپنیوں نے بھی بتایا تھا کہ نظام کی بندش سے ان کا آپریشن متاثر ہو رہا ہے۔ پی آئی اے ترجمان نے کہا کہ فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال اور آپریشنل ہے۔

آسٹریلیا میں میڈیا، بینکوں اور ٹیلی کام کمپنیوں کو بندش کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بارے میں حکومت کا کہنا ہے کہ اس کا تعلق عالمی سائبر سیکیورٹی فرم کراؤڈ اسٹرائیک کے ایک مسئلے سے ہے۔

کراؤڈ سورسڈ ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر نے متعدد بینکوں اور ٹیلی کام کمپنیوں میں بندش کی اطلاع دی ہے۔

دریں اثناء دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک دبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے آپریٹر نے کہا کہ بندش سے متاثر ہونے کے بعد ہوائی اڈہ دوبارہ معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔

دبئی ائیرپورٹ نے ایک بیان میں کہا کہ بندش سے ٹرمینل 1 اور 2 سے چلنے والی کچھ ایئرلائنز متاثر ہوئی ہیں لیکن چیک ان کے عمل کو متبادل نظام میں تبدیل کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے معمول کا عمل تیزی سے بحال ہوا ہے۔ ٹرمینل 2 سے کام کرنے والی فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ اس کے آپریشنز متاثر نہیں ہوئے ہیں۔

Comments

200 حروف