مخصوص اسٹاکس کی بدولت کے ایس ای 100 انڈیکس میں 970 پوائنٹس کا اضافہ، 80 ہزار کی سطح عبور
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کے روز مثبت رجحان دیکھا گیا ہے کیوں کہ ہیوی اسٹاکس میں خریداری کی بدولت بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 80,000 کی سطح عبور کر گیا۔
کے ایس ای 100 نے کاروبار کا آغاز خریداری کے رحجان ساتھ کیا جو پورے سیشن کے دوران جاری رہا اور اس کے نتیجے میں انڈیکس انٹرا ڈے کی بلند ترین 80 ہزار 587.44 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔
اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 970.20 پوائنٹس یا 1.22 فیصد اضافے کے ساتھ 80,461.34 پوائنٹس پر بند ہوا۔
بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے کہا کہ بلیو چپ حصص میں وسیع پیمانے پر خریداری دیکھی گئی ، جہاں ماری ، ای ایف ای آر ٹی ، یو بی ایل ، ایم ای بی ایل اور ایف ایف سی جیسی ہیوی ویٹ کمپنیوں نے مجموعی طور پر 682 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کچھ مثبت تبدیلیاں اس لیے سامنے آئی ہیں کیونکہ سرمایہ کار بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کی توقع کر رہے ہیں۔
آئی ایم ایف بورڈ 25 ستمبر کو پاکستان کے قرض پروگرام کو ایجنڈے میں شامل کرے گا۔
پیر کو پی ایس ایکس بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 158 پوائنٹس کے اضافے سے 79,491.14 پر بند ہوا تھا۔
واضح رہے کہ عید میلاد النبیؐ کی تعطیل کی وجہ سے منگل کو اسٹاک مارکیٹ بند تھی۔
عالمی سطح پر بدھ کو ایشیائی مارکیٹوں میں نفع اور نقصان کا ملا جلا رحجان دیکھا گیا کیونکہ تاجروں نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ فیڈرل ریزرو کی شرح سود میں متوقع کمی کتنی زیادہ ہوگی جب کہ امریکی اعدادوشمار کو پیچھے چھوڑنے کے بعد ین کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا۔
اگرچہ امریکی مرکزی بینک سے توقع کی جارہی ہے کہ وہ وبائی امراض کے آغاز کے بعد پہلی بار قرض لینے کے اخراجات میں کمی کرے گا ، لیکن بڑا سوال یہ ہے کہ کیا حکام نئے سال میں متعدد چھوٹے قرضوں سے پہلے ایک بمپر قدم اٹھائیں گے۔
آسان مالی حالات کے امکانات نے اس سال مارکیٹوں کو اوپر لے جانے میں مدد کی ہے ، جس میں متعدد بڑے انڈیکس نے متعدد ریکارڈ قائم کیے ہیں ، لیکن مبصرین نے متنبہ کیا ہے کہ قیمتوں میں اضافے اور کٹوتیوں کے عرصے کے ساتھ ، ایکوٹیز میں اتار چڑھاؤ کا دور ہوسکتا ہے۔
دریں اثنا انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 0.03 فیصد بڑھی اور روپیہ 9 پیسے بڑھنے کے بعد 278 روپے 4 پیسے پر بند ہوا۔
آل شیئر انڈیکس پر حجم پیر کے روز 536.19 ملین سے گھٹ کر 400.19 ملین رہ گیا۔
تاہم حصص کی قیمت گزشتہ سیشن کے 8.91 ارب روپے سے بڑھ کر 15.9 ارب روپے ہوگئی۔
ورلڈ کال ٹیلی کام 32.23 ملین حصص کے ساتھ سب سے آگے رہی، اس کے بعد ٹی آر جی پاک لمیٹڈ 22.08 ملین حصص کے ساتھ دوسرے اور پیس (پاک) لمیٹڈ 19.65 ملین حصص کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
بدھ کو 439 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 186 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 199 میں کمی جبکہ 54 میں استحکام رہا۔
Comments