جمعرات کو وزارت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان موبائل فون مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی ایم پی ایم اے) کے وفد سے ملاقات کی۔

ایئر لنک کے سی ای او مظفر حیات پراچہ نے کہا کہ موبائل مینوفیکچررز نے وزیر خزانہ کے ساتھ ”انتہائی نتیجہ خیز“ ملاقات کی اور موبائل فونز، دیگر لوازمات اور ٹیبلٹس کو مقامی بنانے اور برآمد کرنے کے لئے مراعات کو آسان بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس میں شریک مظفر حیات پراچہ نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ “ہم نے وزیر خزانہ کے ساتھ بہت مفید ملاقات کی، جو موبائل صنعت کی برآمدی صلاحیت کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صنعت نے سیل فون چارجرز کے لئے خام مال پر عائد اہم ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کو اجاگر کیا ، جو مجموعی طور پر تقریبا 80 فیصد ہے۔

مظفر حیات پراچہ نے نشاندہی کی کہ سیل فون کے ساتھ مکمل طور پر بنائے گئے چارجر ڈیوٹی سے مستثنیٰ ہیں ، لیکن ان کی مقامی مینوفیکچرنگ ٹیکسوں کی وجہ سے متاثر ہوتی ہے۔

انڈسٹری نے یہ بھی درخواست کی کہ ٹیبلیٹ کو سیل فون کے طور پر درجہ بندی کیا جائے تاکہ لوکلائزیشن اور ایکسپورٹ کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ مزید برآں، انہوں نے بتایا کہ حکومتی تعاون سے، دیگر لوازمات جیسے ایئربڈز کو مقامی طور پر تیار اور برآمد کیا جا سکتا ہے۔

اپنے بیان میں، فنانس ڈویژن نے کہا کہ پی ایم پی ایم اے کے وفد نے ایک مستحکم اور معاون پالیسی ماحول کی ضرورت کو اجاگر کیا جو مقامی صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ”انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی وکالت کی کہ بین الاقوامی برانڈز ملکی صنعت اور قومی معیشت کو سپورٹ کریں۔“

”وفد نے تجاویز بھی پیش کیں جن کا مقصد مقامی صنعت کی ترقی کو فروغ دینا اور موبائل فون مینوفیکچرنگ انڈسٹری کی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔“

سینیٹر محمد اورنگزیب نے فیڈ بیک کو تسلیم کیا اور ملک میں پورے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو وسعت دینے کے لئے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے پالیسی کے تسلسل کو برقرار رکھنے اور برآمدات کے لئے پالیسی فریم ورک پر توجہ بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے برآمدات پر مبنی ترقی کو فروغ دینے اور مقامی مینوفیکچررز کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس کے اختتام پر ایک اسٹریٹجک اور معاون پالیسی فریم ورک کی ضرورت پر باہمی اتفاق کیا گیا جس کا مقصد مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینا اور برآمدی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے، جس سے قومی اقتصادی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے وسیع تر اہداف میں حصہ لیا جاسکتا ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف