قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدت کیس میں بری ہونے کے چند گھنٹوں بعد گرفتار کرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو توشہ خانہ کیس میں مبینہ طور پر ہیرے اور سونے کے زیورات سمیت سات قیمتی گھڑیاں اور دیگر قیمتی تحائف رکھنے اور فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون کی سربراہی میں نیب کی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی اور عمران خان اور ان کی اہلیہ کو ایک نئے کیس کے تحت حراست میں لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ احتساب بیورو نے اس سال مئی میں یہ تفتیش شروع کی تھی۔ نیب رپورٹ کے مطابق ان الزامات میں گریف اور رولیکس گھڑیوں کے ساتھ ساتھ ہیرے اور سونے کے زیورات جیسی قیمتی اشیاء کی غیر مجاز فروخت شامل ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ تحائف قانونی طور پر توشہ خانہ میں جمع کرائے بغیر فروخت کیے گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق نیب ہیڈ کوارٹرز کو 2018 سے اپریل 2022 تک وزیراعظم رہنے والے عمران خان کی جانب سے تحفے میں دی گئی سرکاری اشیا کی غیر قانونی خریداری اور بعد ازاں فروخت کے حوالے سے ایک سورس رپورٹ موصول ہوئی تھی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024
Comments