دنیا

بھارت: مذہبی اجتماع میں بھگدڑ ، 121افراد ہلاک

بھارتی ریاست اترپردیش میں ہندوؤں کے مذہبی اجتماع ست سنگ میں بھگدڑ مچنے سے 121 افراد ہلاک ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق...
شائع July 3, 2024

بھارتی ریاست اترپردیش میں ہندوؤں کے مذہبی اجتماع ست سنگ میں بھگدڑ مچنے سے 121 افراد ہلاک ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق وہاں موجود افراد کی تعداد اجازت شدہ گنجائش سے 3 گنا زیادہ تھی۔

مذکورہ واقعہ بروز منگل کو انڈیا کی دارالحکومت نئی دہلی سے تقریباً 200 کلومیٹر (125 میل) جنوب مشرق میں ضلع ہاتھرس کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔

بتایا جاتا ہے کہ پولیس کی جانب سے اجتماع میں 80 ہزار لوگوں کو جمع ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی جانب سے پیش کی جانے والی پولیس رپورٹ کے مطابق تقریبا ڈھائی لاکھ افراد نے تقریب میں شرکت کی۔

خبر رساں ادارے اے این آئی نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ کم از کم 121 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوئے ہیں۔

اتر پردیش کے چیف سکریٹری منوج کمار سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ مرنے والوں میں 108 خواتین اور7 بچے شامل ہیں۔

دستاویز میں افراتفری کا منظر بیان کیا گیا ہے جب سورج پال، جسے ’بھولے بابا‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اپنی کار میں جارہا تھا تو ہزاروں عقیدت مندوں نے گاڑی کی طرف دوڑلگادی اور اجتماع میں بیٹھے دیگر لوگوں کو کچل ڈالا۔کچھ لوگ کیچڑ میں گرکر کچلے گئے ۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ تقریب کا اہتمام عقیدت مندوں کے ایک گروپ نے کیا تھا لیکن انہوں نے کسی کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

خبر رساں ادارے اے این آئی کا کہنا ہے کہ پولیس بھولے بابا کے ٹھکانے کا پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہے۔ ہاتھرس میں پولیس عہدیدار فوری طور پر تبصرہ کے لئے دستیاب نہیں تھے۔

تقریب میں شریک عقیدت مندوں میں کملا بھی شامل تھیں، جنہوں نے کہا کہ وہ دو دہائیوں سے اس اجتماعات میں شرکت کر رہی تھیں۔

انہوں نے اے این آئی کو بتایا میں اپنی 16 سالہ بیٹی کے ساتھ ست سنگ (مذہبی اجلاس) میں شرکت کے لیے گئی تھی اور دوپہر تقریبا 2 بجے بھگدڑ مچ گئی۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں زخمی ہوئے لیکن ان کی بیٹی نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔

Comments

Comments are closed.