روسی وزارت دفاع نے اتوار کے روز کہا ہے کہ روس کے فضائی دفاعی نظام نے 36 ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے جو یوکرین نے روس کے جنوب مغرب میں متعدد علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے رات گئے داغے تھے۔

وزارت دفاع نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر بتایا کہ یوکرین کی سرحد سے متصل کرسک کے علاقے میں پندرہ اور ماسکو سے کئی سو کلومیٹر جنوب میں لیپیٹسک کے علاقے میں نو ڈرون تباہ کیے گئے۔

جنوب مغربی روس کے علاقے ورونز اور برائنسک میں چار، چار ڈرون تباہ کیے گئے جبکہ قریبی اوریول اور بیلگورود کے علاقوں میں دو دو ڈرون تباہ کیے گئے۔

لیپٹسک اور برائنسک کے علاقوں کے گورنروں نے اپنے ٹیلی گرام چینلز پر کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں کوئی زخمی یا بڑے پیمانے پر نقصان نہیں ہوا ہے۔

روسی حکام اکثر یوکرین کے حملوں میں ہونے والے نقصان کا مکمل انکشاف نہیں کرتے ہیں۔ روئٹرز آزادانہ طور پر ان رپورٹس کی تصدیق نہیں کر سکا۔

یوکرین کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ کیف نے کہا ہے کہ روس کی فوج، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے 2022 میں روس کے یوکرین پر حملے کے آغاز کے بعد سے یوکرین کی سرزمین پر ماسکو کے حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔

Comments

Comments are closed.