چین نے جمعرات کو غیر ملکیوں بالخصوص چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے اسلام آباد میں اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو ) کے قیام کو سرا ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق یہ تعریف وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے چینی ہم منصب کیو آئی یانجن کے درمیان نیویارک میں ملاقات کے دوران سامنے آئی۔

ملاقات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت اور جدید آلات و ٹیکنالوجی کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی وزیر داخلہ نے داسو واقعے کی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے واقعے کی تحقیقات میں پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور مہارت کی بھی تعریف کی۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ چینی وزارت داخلہ کا مشاورتی گروپ جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ سیکورٹی اداروں کی تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے لیے مقامی انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کی جا سکے۔

چینی وزیر داخلہ نے محسن نقوی کو ستمبر میں چین میں ہونے والے گلوبل سیکورٹی فورم میں شرکت کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے چینی ہم منصب کیو آئی یانجن چوتھی یو این کوپ کانفرنس میں شرکت کے لیے نیویارک میں ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران یقین دہانی کرائی تھی کہ حکومت پاکستان میں چینی کارکنوں کی سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

یہ باتیں انہوں نے چیئرمین وو لی کی قیادت میں شنگھائی الیکٹرک گروپ کے وفد سے ملاقات میں کہی تھیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت جاری منصوبوں کو مزید وسعت دینے کے لئے چینی سرمایہ کاروں کی ہر ممکن سہولت کو یقینی بنائے گی۔

Comments

200 حروف