آزاد کشمیر حکومت نے مالی سال 2024-25 کا 220 ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش کردیا
آزاد جموں و کشمیر حکومت نے منگل کو مالی سال 2024-25 کے 220 ارب روپے سے زائد کے بجٹ کا اعلان کیا ہے جس میں 44 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ بھی شامل ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیر خزانہ عبدالمجید خان نے اسپیکر چودھری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پیش کیا۔
بجٹ کی اہم خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر عبدالماجد خان نے کہا کہ مجموعی تخمینہ آمدن 201.17 بلین روپے ہے، جس میں وفاقی گرانٹ اور ان لینڈ ریونیو سے اہم حصہ متوقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مالی سال 2024-25 کے لیے ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 44 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ مجموعی وصولیوں کا تخمینہ 201.17 ارب روپے لگایا گیا ہے جس میں وفاقی حکومت سے فیڈرل ویری ایبل گرانٹ کے تحت 105 ارب روپے، ان لینڈ ریونیو سے 75 ارب روپے، بجلی سے 15 ارب روپے اور محکمہ جنگلات سے 0.45 ارب روپے متوقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 20 ارب روپے سے زائد کی اضافی آمدنی مختلف ذرائع سے آئے گی جن میں آزاد جموں و کشمیر ٹرانسپورٹ اتھارٹی، آرمڈ سروسز بورڈ، لاء اینڈ آرڈر (ایڈمنسٹریشن آف جسٹس)، پولیس (داخلہ)، جیل خانہ جات، مواصلات، سڑکیں، تعلیم، صحت، خوراک، زراعت، وائلڈ لائف/ فشریز، لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ، پرنٹنگ پریس، صنعتیں، ریشم، معدنیات، سیاحت اور دیگر شعبے شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مالی سال 2024-25 کے کل اخراجات کا تخمینہ 220.033 بلین روپے لگایا گیا ہے۔
مختلف شعبوں کیلئے مختص کردہ رقوم کے مطابق زراعت اور لائیو اسٹاک کے لیے 0.9 ارب روپے، سول ڈیفنس اور ایس ڈی ایم اے کے لیے 0.15 ارب روپے، ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کے لیے 0.345 ارب روپے، تعلیم کے لیے 4.8 ارب روپے، ماحولیات کے لیے 0.15 ارب روپے، جنگلات/آبپاشی کے لیے 0.8 ارب روپے، ماہی گیری/وائلڈ لائف کے لیے 0.075 ارب روپے، صحت کے لیے 3 ارب روپے، صنعتوں/معدنیات کے لیے 0.52 ارب روپے، آزاد کشمیر ٹیوٹا کے لیے 0.28 ارب روپے شامل ہیں۔ ٹرانسپورٹ کے لیے 0.03 ارب روپے، انفارمیشن اینڈ میڈیا ڈویلپمنٹ کے لیے 0.2 ارب روپے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے لیے 0.8 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں لوکل گورنمنٹ اور دیہی ترقی کیلئے 3.7 ارب روپے، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ کے لیے 2.465 ارب روپے، توانائی اور آبی وسائل کے لیے 4.8 ارب روپے، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے لیے 1.4 ارب روپے، لینڈ ایڈمنسٹریشن اینڈ مینجمنٹ کے لیے 1.15 ارب روپے، سوشل ویلفیئر اینڈ ویمن ڈویلپمنٹ کے لیے 0.3 ارب روپے، کھیلوں، نوجوانوں اور ثقافت کے لیے 0.5 ارب روپے، سیاحت کے لیے 0.7 ارب روپے شامل ہیں جبکہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کے لیے 14.9 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس جامع بجٹ کا مقصد مالی سال 2024-25 کے لیے آزاد جموں و کشمیر میں مختلف شعبوں میں ترقی کو فروغ دینا ہے۔
Comments