ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز نے ایک فیصد ٹرن اوور پر مبنی فائنل ٹیکس رجیم (ایف ٹی آر) کو تبدیل کرکے 29 فیصد قابل ٹیکس منافع پر اسٹینڈرڈ ٹیکس لگانے کی مجوزہ منتقلی کو مسترد کردیا ۔

پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایچ ایم اے) نے اجلاس میں کہا کہ ایف ٹی آر سے برآمدات ختم کرنے کی تجویز کو فنانس بل 2024 سے خارج کیا جانا چاہیے تاکہ تجارتی خسارے میں مزید کمی اور اس کے نتیجے میں زرمبادلہ ذخائر پر دباؤ کو روکا جا سکے۔

اجلاس میں پی ایچ ایم اے نارتھ زون کے سینئر وائس چیئرمین امان اللہ خان، کمفرٹ نیٹ ویئر کے ایم آئی خرم اور کمبائنڈ فیبرکس کے شیخ ظفر محمود کے علاوہ نیٹ ویئر انڈسٹری کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پی ایچ ایم اے نارتھ زون ایس وی سی امان اللہ خان نے کہا کہ ایف ٹی آر نے برآمدی آمدنی پر نفع یا نقصان سے قطع نظر الیکٹرانک طور پر برآمدی آمدنی پر ٹیکس لگانے کا شفاف طریقہ پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ غیر دانشمندانہ ٹیکس اقدام ریونیو بڑھانے کے ارادے سے نہیں بلکہ ایف بی آر کے ہاتھوں میں بدعنوانی اور ہراسانی کے دروازے کھولنے کے لئے تجویز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایکسپورٹرز ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج کی مد میں 0.25 فیصد حصہ ڈال رہے ہیں۔

کمفرٹ نیٹ ویئر کے ایم آئی خرم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم (ای ایف ایس) کے تحت مقامی سپلائی پر زیرو ریٹنگ ختم کرنے کی تجویز سے برآمدات پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ ایکسپورٹرز کو مقامی سپلائی پر زیرو ریٹنگ ختم کرنے سے برآمد کنندگان ایف بی آر سے سیلز ٹیکس کے ریفنڈ کا دعویٰ کرنے پر مجبور ہوں گے جو ای ایف ایس کی روح کے منافی طویل عمل ہے۔

ایم آئی خرم نے کہا کہ اربوں روپے کے سیلز ٹیکس ریفنڈز پہلے ہی حکومت کے پاس پھنسے ہوئے ہیں لہذا اس منفی تجویز کو فنانس بل 2024 سے بھی خارج کیا جانا چاہئے۔

اس موقع پر کمبائنڈ فیبرکس کے شیخ ظفر محمود نے مزید کہا کہ ایف بی آر حکام کو تحقیقاتی آڈٹ کے ذریعے غیر معمولی اختیارات دینے کی تجویز سے کرپشن کے دروازے کھلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی دفعہ 25 کے تحت انویسٹی گیٹو آڈٹ کے نئے تصور کا مقصد ٹیکس فراڈ سے نمٹنا ہے لیکن ریگولیٹری بوجھ اور غلط تشریح کے خطرے میں اضافہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے مبہم شبہات کی بنیاد پر بار بار آڈٹ ہوتا ہے۔

علی ظفر نے یہ بھی نشاندہی کی کہ اگر ایف بی آر کو ٹیکس فراڈ کا شبہ ہو تو اب وہ اسسٹنٹ کمشنر کی منظوری کے ساتھ بھی تحقیقاتی آڈٹ کر سکتا ہے۔ اس سے ٹیکس حکام کی جانب سے ممکنہ غلط استعمال کے خدشات پیدا ہوتے ہیں، جس سے غیر یقینی اور خوف کا ماحول جنم لے گا ۔

پی ایچ ایم اے ممبران نے کہا کہ ٹیکسٹائل اینڈ اپیرل پالیسی 2020-2025 کے فنانشل میٹرکس کی معطلی اور مقامی ٹیکسوں اور لیویز اور علاقائی مسابقتی توانائی کے نرخوں پر ڈیوٹی ڈرا بیک کے خاتمے کے بعد برآمدی صنعتیں پہلے ہی خطے میں مقابلہ کرنے کے لئے یکساں مواقع سے محروم ہیں۔

Comments

200 حروف