اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں چھاپے کے دوران ایک زخمی فلسطینی شخص کو فوجی گاڑی سے باندھ دیا، فوج نے اتوار کو اعتراف کیا کہ فوجیوں نے آپریشنل طریقہ کار کی خلاف ورزی کی تھی۔

ہفتہ کو پیش آنے والے اس واقعے کی فوٹیج وائرل ہو گئی ہے اور اس میں جینین کے رہائشی کو ایک تنگ گلی سے گزرتے ہوئے فوجی جیپ کے بونٹ پر باندھا ہوا دکھایا گیا ہے۔

طبی عملے نے فلسطینی کی شناخت مجاہد فیاض کے نام سے کی ہے جو برقین اور جینین کے درمیان واقع جبریات محلے سے ہے۔ فوج نے کہا کہ فلسطینی کو مطلوب مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے وادی برقین کے علاقے میں شروع کیے گئے ”انسداد دہشت گردی آپریشن“ کے دوران زخمی کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ احکامات اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مشتبہ شخص کو فورسز کے اہلکار ایک گاڑی کے اوپر باندھ کر لے گئے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ واقعے کی ویڈیو میں فورسز کا طرز عمل اسرائیلی فوج کی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتا۔

فوج نے کہا، ”واقعہ کی تحقیقات کی جائیں گی اور اس کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔“ انہوں نے مزید کہا کہ زخمی شخص کو علاج کے لیے فلسطینی ہلال احمر منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسپتال کے عملے نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ فیاض اس وقت جنین کے ابن سینا اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

جینن طویل عرصے سے فلسطینی گروہوں کا گڑھ رہا ہے اور اسرائیلی فوج باقاعدگی سے شہر اور اس سے ملحقہ پناہ گزین کیمپ میں چھاپے مارتی رہتی ہے۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں تشدد، جو 7 اکتوبر کو اسرائیلی جارحیت میں شدت آنے سے پہلے ہی بڑھ چکا تھا، اس کے بعد سے مسلسل بڑھ رہا ہے۔

فلسطینی حکام کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں یا آباد کاروں کے ہاتھوں کم از کم 553 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسی عرصے کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے حملوں میں کم از کم 14 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی سرکاری اعداد و شمار کی بنیاد پر اے ایف پی کے مطابق 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر غیر معمولی حملے کے نتیجے میں 1،194 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔

حماس نے 251 افراد کو یرغمال بنایا جن میں سے 116 غزہ میں موجود ہیں جن میں سے 41 کے بارے میں فوج کا کہنا ہے کہ وہ ہلاک ہو چکے ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق غزہ پر اسرائیلی فوج کی جارحیت میں اب تک کم از کم 37 ہزار 551 افراد شہید ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔

Comments

200 حروف