پاکستان

وزیراعظم کی فضل الرحمان سے ملاقات، سیاسی مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز

  • جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے ہمیشہ جمہوری اقدار کے تحفظ کیلئے پرامن جدوجہد کو فروغ دیا ہے، وزیراعظم
شائع June 13, 2024

ریڈیو پاکستان کی خبر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں سیاسی مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یہ تجویزاسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے دورے کے موقع پر دی۔

شہباز شریف نے جے یو آئی (ف) کی مذہبی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے ہمیشہ جمہوری اقدار کے تحفظ کے لئے پرامن جدوجہد کو فروغ دیا ہے۔

قبل ازیں جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

یہ پیش رفت جے یو آئی (ف) اور پی ٹی آئی کی جانب سے ملک میں آئین کی بالادستی، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے مشترکہ جدوجہد شروع کرنے پر اتفاق کے چند روز بعد سامنے آئی ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنی رہائش گاہ پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے وفد سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی (ف) اور پی ٹی آئی کو مشترکہ مقاصد کے لیے ہاتھ ملانا چاہیے، جس پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر دونوں جماعتوں کا نقطہ نظر یکساں ہے۔

فضل رحمان نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی اور جے یو آئی ایف اپنے اختلافات ختم نہیں کر سکتے تو وہ کم از کم ایک دوسرے کے بارے میں اپنے رویے کو معمول پر لا سکتے ہیں کیونکہ مشترکہ مقصد کے حصول کے لئے کچھ چیزوں کو نظر انداز کرنے کی ضرورت ہے جو دونوں فریقوں کے باہمی مفاد میں ہے۔

Comments

200 حروف