مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے دنیا کے سب سے بڑے ڈینم مینوفیکچررز میں سے ایک آرٹسٹک ملینرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (اے ایم پی ایل) کو 49.5 میگاواٹ کے ونڈ پاور پلانٹ کے ساتھ ایک آزاد پاور پروڈیوسر ٹیناگا جینرسی لمیٹڈ (ٹی جی ایل) کے 100 فیصد حصص کے حصول کی منظوری دیدی ہے۔

ملائیشین کمپنی ٹیناگا جنراسی لمیٹڈ کو 2004 میں 50 میگاواٹ کا ونڈ پاور پلانٹ لگانے کے لیے پاکستان میں شامل کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کے لیے کمپنی کو سندھ کے ضلع گھارو میں 1200 ایکڑ زمین الاٹ کی گئی تھی۔ نیپرا نے ٹی جی ایل کو جنریشن لائسنس جاری کیا جس کی ابتدائی مدت 20 سال ہے۔

جنوری 2008 ء میں کمپنی نے پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور ٹی جی ایل کو داؤد لارنس پور لمیٹڈ (ڈی ایل ایل) نے خرید لیا، جس کے پاس ٹی جی ایل میں 75 فیصد حصص تھے، جبکہ بقیہ حصص ورلڈ بینک گروپ کے رکن انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے پاس تھے۔

سی سی پی کی جانب سے پہلے مرحلے کے مسابقتی جائزے میں ’قابل تجدید توانائی – ونڈ پاور جنریشن‘ کو متعلقہ مارکیٹ کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔ تخمینے سے پتہ چلتا ہے کہ مارکیٹ میں ٹی جی ایل کا حصہ 3 فیصد سے بھی کم ہے، جبکہ اے ایم پی ایل کے دو ماتحت اداروں کا مجموعی طور پر مارکیٹ شیئر 5.38 فیصد ہے۔ ٹرانزیکشن کے بعد اے ایم پی ایل کا مارکیٹ شیئر تقریبا 8 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے۔ یہ دیکھتے ہوئے کہ لین دین متعلقہ مارکیٹ میں حاصل کنندہ کے غلبے کا باعث نہیں بنتا ہے ، سی سی پی نے حصول کی منظوری دے دی ہے۔

یہ منظوری آرٹسٹک ملینرز کو قابل تجدید توانائی کے شعبے میں اپنی موجودگی بڑھانے کی اجازت دیتی ہے۔ یہ حصول قابل تجدید توانائی میں باہمی تعاون سے ہونے والی پیش رفت کے امکانات کی نشاندہی کرتا ہے، جو قومی توانائی کے منظرنامے کی از سر نو تعریف میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

Comments

200 حروف