پاکستان

معاہدوں کے واجبات، رول اوورز، قرضے، وزیر اعظم کے دورہ چین کا مقصد سانس لینے کی جگہ حاصل کرنا ہے

  • چین پہلے ہی پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفود کو بتا چکا ہے کہ وہ معاہدوں کی شرائط پر دوبارہ مذاکرات نہیں کریگا
شائع June 4, 2024

وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کا مقصد چینی کمپنیوں کے ساتھ زیر التوا معاہدوں کے واجبات میں تاخیر کو دور کرنا، زیر غورآئی ایم ایف پروگرام کے اختتام تک رول اوورز اور بجٹ سپورٹ قرضوں کو ری شیڈول کرانا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کے آغازکرنا ہے۔

اس بات کا انکشاف مختلف اسٹیک ہولڈرز نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کیا۔

آزاد ماہرین اقتصادیات نے بی آر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خواہش کی فہرست بہت پرجوش ہے اور یہ مشکوک ہے کہ آیا چین فہرست میں شامل تینوں معاملوں کو منظوری دے گا یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی کمپنیوں کے زیر التوا معاہدوں کے واجبات میں تاخیر کا تعلق سی پیک کے دوسرے مرحلے کے آغاز سے ہے اور چین پہلے ہی پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفود کو بتا چکا ہے کہ وہ معاہدوں کی شرائط پر دوبارہ مذاکرات نہیں کریگا کیونکہ اس کے بعد دیگر ممالک کے منصوبوں پر دوبارہ مذاکرات کرنا ہوں گے۔

جب بزنس ریکارڈر نے ایجنڈا آئٹمز پر وزارت خزانہ کے عہدیداروں سے جواب مانگا تو انہوں نے اپنی مکمل لاعلمی کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ کے آس پاس کے بہت کم لوگ صورتحال سے واقف ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ یہاں تک کہ وہ عملہ جو پچھلے سالوں میں بجٹ بنانے میں مصروف رہتا تھا، اس سال کوئی کام نہیں کررہا ہے۔

بجٹ پیش کرنے کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی ہے اور آزاد ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ جب تک چین، پاکستان کے سب سے بڑے قرض دہندہ کی حیثیت سے پاکستان کی طرف سے طلب کردہ حمایت فراہم نہیں کرتا، آئی ایم ایف پروگرام پر عملے کی سطح کے معاہدے پر راضی نہیں ہوسکتا ہے، جو ایک نیا پروگرام حاصل کرنے کا پہلا مرحلہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سی پیک کے تحت زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور متبادل توانائی کے شعبوں میں چینی تعاون حاصل کرنے کی امید رکھتے ہیں اور انہوں نے وفاقی وزارتوں کو اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے منصوبے تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

حکام کا خیال ہے کہ شہباز شریف کا کامیاب دورہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کر سکتا ہے اور مجموعی طور پر سرمایہ کاری کا باعث بن سکتا ہے۔

عہدیداروں کے ساتھ پس منظر میں بات چیت سے پتہ چلتا ہے کہ بجٹ کی تاریخ، قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اجلاس، یا اقتصادی سروے کا اجراء، سب کو وزیر اعظم کی چین سے واپسی تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے ترقیاتی اخراجات اور میکرو اکنامک اہداف کے تعین کی منظوری دینے والی این ای سی ابھی تک تشکیل نہیں دی گئی ہے اور اس حوالے سے تمام رسمی کارروائیاں وزیراعظم کی چین سے واپسی کے بعد پوری ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ وزیر اعظم 7 یا 8 جون کو واپس آئیں گے یا نہیں۔ تاہم انہوں نے مزید کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) 10 جون 2024 کے عارضی بجٹ کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکس سے متعلق تجاویز اور فنانس بل کو حتمی شکل دے رہا ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف