یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اتوار کے روز امریکی صدر جو بائیڈن اور چین کے صدر شی جن پنگ پر زور دیا ہے کہ وہ اگلے ماہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی امن سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں۔

یوکرینی رہنما نے یہ درخواست انگریزی میں ایک جذباتی ویڈیو میں کی ہے جس میں انہیں مشرقی شہر خارکیف میں شدید بمباری کے بعد کھنڈرات کے سامنے کھڑا دکھایا گیا ہے۔

زیلنسکی نے کہا کہ میں دنیا کے ان رہنماؤں سے اپیل کر رہا ہوں جو اب تک عالمی امن سربراہی اجلاس کی عالمی کوششوں سے دور ہیں، امریکی رہنما صدر بائیڈن اور صدر شی جن پنگ چین کے رہنما۔

انہوں نے کہا کہ براہ کرم اپنی ذاتی قیادت اور شرکت کے ساتھ امن سربراہی اجلاس کی حمایت کریں۔

زیلنسکی نے کہا کہ رہنماؤں کو شرکت کرنی چاہیے کیونکہ عالمی اکثریت کی کوششیں اس بات کی بہترین ضمانت ہیں کہ تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ان رہنماؤں کی حاضری چاہتے ہیں جن کو روس دھوکہ نہیں دے سکے گا۔

یوکرین جنگ پر کانفرنس 15 سے 16 جون تک لوسرن کے قریب ایک لگژری ریزورٹ میں منعقد ہونی ہے۔

سوئس حکومت یوکرین کی درخواست پر اس تقریب کی میزبانی کر رہی ہے۔

سوئس حکومت نے کہا ہے کہ اس نے 160 وفود کو مدعو کیا ہے لیکن روس اس تقریب میں شرکت نہیں کرے گا جو کہ صرف ایک دن تک جاری رہنے کی امید ہے۔

بائیڈن کی موجودگی کی تصدیق نہیں کی گئی ہے، جبکہ منتظمین کا کہنا ہے کہ شرکت کرنے والے ممالک میں جی 7، جی 20 اور برکس گروپ کے ممبران شامل ہوں گے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اس ماہ کے شروع میں کہا تھا کہ وہ ہمیں مدعو نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس کسی ایسی تقریب میں شرکت کے لیے دباؤ نہیں ڈالے گا جہاں یہ ناپسندیدہ ہو۔

چین نے اس ہفتے اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے برازیل کے ساتھ ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ وہ مناسب وقت پر منعقد ہونے والی بین الاقوامی امن کانفرنس کی حمایت کرتا ہے جسے روس اور یوکرین دونوں نے تسلیم کیا ہے جس میں تمام فریقین کی مساوی شرکت کے ساتھ ساتھ تمام امن منصوبے پر منصفانہ بحث ہو گی۔

شی جن پنگ پیوٹن کے اسٹریٹجک اتحادی ہیں اور روسی رہنما نے اس ماہ دوبارہ انتخاب کے بعد چین کا دورہ کیا۔

امریکی حکام نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ بیجنگ روس کی فوجی توسیع میں مدد کر رہا ہے جس میں ڈرونز کی مشترکہ پیداوار بھی شامل ہے تاہم اس نے اب تک روس کو یوکرین میں براہ راست استعمال کیلئے اسلحہ نہیں دیا ہے۔

زیلنسکی نے کہا کہ 80 سے زائد ممالک نے تصدیق کی ہے کہ وہ سربراہی اجلاس میں آئیں گے اور یوکرین رہنماؤں کو مدعو کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

Comments

200 حروف