کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے آزاد جموں و کشمیر حکومت کو بجلی اور آٹے کیلئے 23 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔

ایک عہدیدار نے بتایا کہ ای سی سی کا ہنگامی اور غیر شیڈول اجلاس وزارت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی جانب سے 23 ارب روپے کی منظوری کی تجویز پر غور کرنے کے لیے طلب کیا گیا تھا جس کا اعلان وزیراعظم نے بجلی اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کے بعد کیا تھا۔

اجلاس کی صدارت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی جس میں وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، وزیر تجارت جام کمال خان اور متعلقہ وفاقی سیکرٹریز نے شرکت کی۔

سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان نے ای سی سی کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیر کو ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قومی مفاد میں حکومت آزاد کشمیر کو 23 ارب روپے کی اضافی گرانٹ کی منظوری دی تھی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کی تجویز کردہ ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے آزاد کشمیر حکومت کو 23 ارب روپے کی اضافی گرانٹ فراہم کرنے کی سمری کی منظورکرلی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف