دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے آل مکتوم انٹرنیشنل ائرپورٹ پر 34 ارب 85 کروڑ ڈالر کی لاگت سے مسافروں کے نئے ٹرمینل کے ڈیزائنز کی منظوری دے دی ۔

یہ اعلان انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پراپنے ایک پوسٹ کے ذریعے کیا۔

المکتوم انٹرنیشنل ائرپورٹ 260 ملین مسافروں کی گنجائش کے ساتھ دنیا کا سب سے زیادہ مسافروں کی گنجائش والا ائرپورٹ ہو گا اور یہ موجودہ دبئی انٹرنیشنل ائرپورٹ سے پانچ گنا بڑا ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دبئی ائرپورٹ کے تمام آپریشنز المکتوم کو منتقل کردیے جائیں گے۔

المکتوم ائرپورٹ میں 400 ٹرمینل گیٹس اور پانچ رن وے بھی شامل ہوں گے۔

دبئی کی سرکاری ائرلائن ایمریٹس کے چیئرمین شیخ احمد بن سعید المکتوم نے کہا کہ ائرپورٹ فلیگ شپ کیریئر ایمیریٹس اور ائرلائن فلائی دبئی کا نیا گھر ہو گا اور اس کے ساتھ دبئی سے اور دنیا کو جوڑنے والے تمام ائر لائن پارٹنرز بھی شامل ہوں گے۔

دبئی ائرپورٹس کے سی ای او پال گریفتھس کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ اقدام عالمی سطح پر ہوا بازی کے ایک اہم مرکز کے طور پر دبئی کی پوزیشن کو مزید مستحکم کرتا ہے۔

Comments

200 حروف