وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر نے اتوار کو پاکستان میں آئی ڈی بی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں پاکستان میں ترقی کے مختلف منصوبوں پر ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر آئی ڈی بی کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم آفس میڈیا ونگ نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ آئی ڈی بی کے صدر نے ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) کے خصوصی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم سے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیر بجلی اویس احمد خان لغاری موجود تھے۔

ملاقات کے دوران پاکستان میں مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور دونوں فریقین نے تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی میں آئی ڈی پی کی مدد کو بھی سراہا اور ڈاکٹر الجاسر کے ذاتی تعاون اور قائدانہ کردار کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ڈی بی کی پاکستان کے ساتھ مفید شراکت داری نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ تعمیر نو کی کوششوں میں مدد فراہم کر رہی ہے بلکہ پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول کے لیے حکومت کی کوششوں میں بھی معاون ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیزی سے ٹریک کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تمام خدشات دور کرنے اور ون ونڈو آپریشن کی فراہمی کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) مکمل طور پر فعال ہے۔

آئی ڈی بی کے صدر نے کہا کہ پاکستان بینک کا بانی اور اہم ترین رکن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو وافر قدرتی اور آبی وسائل سے نوازا گیا ہے اور اس کی بڑی افرادی قوت کا بھرپور استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر الجاسر نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔

Comments

Comments are closed.