پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس جمعرات کو مثبت آغاز کے بعد واپس نیچے کی جانب گامزن ہوگیا۔ شیئرہولڈرز کی جان سے منافع کا حصول شروع ہونے کے نتیجے میں انڈیکس 72 ہزار پوائنٹس سے نیچے آگیا۔
پاکستان کیلئے 1.1 بلین ڈالر کی فنڈنگ کی منظوری پر تبادلہ خیال کیلئے 29 اپریل کو ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کی اطلاعات سے بھی اسٹاک ایکسچینج پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔ کے ایس ای 100 انڈیکس نے سیشن کا آغاز مثبت انداز میں کیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 72,593.25 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا تھا۔
تاہم آخری گھنٹوں کے دوران سیمنٹ، کیمیکل اور فرٹیلائزر کے شعبوں میں منافع کا حصول شروع ہونے کے بعد انڈیکس نیچے جانا شروع ہوگیا۔
کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 80.49 پوائنٹس یا 0.11 فیصد کمی کے ساتھ 71,971.40 پر بند ہوا۔
سیشن کا آغاز مختلف شعبوں میں ملے جلے رجحان کے ساتھ ہوا، جس میں آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ اور ریفائنری کے شعبے مثبت زون میں رہے جبکہ کمرشل بینکوں، تیل اور گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور او ایم سی میں منفی رجحان دیکھا گیا۔
ماہرین نے خریداری کا رجحان آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے دوران پاکستان کیلئے 1.1 بلین ڈالر قسط کے ممکنہ اجرا سے منسوب کیا۔ یہ اجلاس 29 اپریل کو شیڈول ہے۔
یہ فنڈنگ آئی ایم ایف کے ساتھ 3 بلین ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کی آخری قسط ہے، جو اس ماہ ختم ہو جائے گی۔
پاکستان آئی ایم ایف سے ایک نیا اور طویل المدتی قرض پروگرام کا خواہاں ہے جس کیلئے اسلام آباد نے باضابطہ درخواست دینی ہے تاہم حکومتی نمائندوں اور آئی ایم ایف نے اس سلسلے میں بات چیت شروع کردی ہے۔ اگر یہ پروگرام منظور ہوجاتا ہے تو یہ پاکستان کلیئے 24 واں بیل آؤٹ پیکیج ہوگا۔
قبل ازیں بدھ کو اسٹاک ایکسچینج نے نئی بلندیاں عبور کی تھیں کیونکہ بینچ مارک کے ایس ایس 100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 72,000 پوائنٹس کی سطح عبور کر کے 692.49 پوائنٹس یا 0.97فیصد اضافے کے ساتھ 72,051.89 پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا۔
آل شیئر انڈیکس کا حجم ایک سیشن پہلے 599.40 ملین سے بڑھ کر 798.52 ملین ہو گیا۔ حصص کی مالیت گزشتہ سیشن میں 24.46 ارب روپے سے بڑھ کر 27.54 ارب روپے ہوگئی۔
کے الیکٹرک لمیٹڈ 119.65 ملین شیئرز کے ساتھ والیم لیڈر رہی۔ اس کے بعد ورلڈ کال ٹیلی کام 79.96 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے اور یونٹی فوڈز لمیٹڈ 44.27 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
جمعرات کو 389 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 173 میں اضافہ، 191 میں کمی جبکہ 25 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
Comments
Comments are closed.