مارکٹس

پاکستان آئندہ مالی سال پانڈا بانڈز جاری کرے گا ، وزیر خزانہ

واشنگٹن میں چینی ہم منصب سے ملاقات، تعاون پر اظہار تشکر
شائع April 20, 2024

وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان مالی سال 2025-26 کے دوران چینی بانڈ مارکیٹ میں داخل ہونا اور پانڈا بانڈز جاری کرنا چاہتا ہے۔

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر خزانہ کی جانب سے یہ ریمارکس آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے زیر اہتمام موسم بہار کی میٹنگز میں شرکت کے لیے واشنگٹن کےدورے کے موقع چینی وزیر خزانہ لان فوان سے ملاقات کے دوران سامنے آئے۔

گزشتہ ماہ وزیر خزانہ نے بلومبرگ کوانٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کے ذریعے 300 ملین پانڈا بانڈز فروخت کرنا چاہتا ہے۔

پانڈا بانڈز چین میں آف شور جاری کنندگان، جس میں کمپنیاں، تین یا اس سے زائدفریقوں پر مشتمل ایجنسیاں چینی کرنسی میں جاری کرتی ہیں۔

ملاقات کے دوران وزیرخانہ محمد اورنگزیب نے اپنے چینی ہم منصب کو بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ایک وسیع اور توسیعی پروگرام میں داخل ہو رہا ہے اور اسے چین کی جانب سی بھی بھرپور مدد کی توقع ہے۔

وزیرخزانہ نے حکومتی ترجیحات کے بارے میں بات کی جس میں ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنا،توانائی کے شعبے کی بہتری اور ریاستی ملکیتی اداروں میں اصلاحات شامل ہیں۔

بیان کے مطابق محمد اورنگزیب نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) جیسے اقدامات اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی سطح پر حمایت ملنے اور دیرینہ دوست کے طور پر پاکستان کی ترقی میں چینی تعاون کو سراہا۔

انہوں نے سیف ڈپازٹس اور بیرونی مالیاتی خلا کو پورا کرنے کے لیے قرضے روول اوور کرنے پر بھی چینی ہم منصب سے اظہار تشکر کیا۔

مزید برآں وزیر خزانہ نے پاکستان میں چینی شہریوں پر ہونے واے دہشت گردحملے پر پاکستانی قیادت اور عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا اور دیگر چینی باشندوں سیکورٹی کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

گزشتہ ماہ خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں ایک مشتبہ خودکش حملے میں پانچ چینی انجینئرز سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

بیان کے مطابق دونوں شخصیات نے بین الاقوامی اداروں میں تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

اس کے علاوہ وزیر خزانہ نے جنوبی ایشیا کیلئے ورلڈ بینک کے نائب صدر مارٹن رائسر کے ساتھ بھی ایک الگ ملاقات کی، وزیر خزانہ نے اس موقع پر اطمینان کا اظہار کیا کہ نئے کنٹری پارٹنر شپ فریم کو جلد حتمی شکلدی جائے گی۔

عالمی بینک کی سینئر قیادت کے ساتھ اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے، اورنگزیب نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، ڈیجیٹلائزیشن اور انسانی ترقی پر عالمی بینک کی توجہ حکومت کی ترجیحات کے مطابق ہے۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے معاشی نمو کے حوالے سے ملک کی حقیقی صلاحیتوں کا ادراک کرنے کے حکومتی وژن کو اجاگر کیا اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مطلوبہ نتائج کے حصول کی اہمیت پر زور دیا۔

Comments

Comments are closed.