اے ڈی بی نے پاکستان کے زرعی و آبی شعبوں کے لیے 468 ملین ڈالر کے قرضوں کی منظوری دے دی
- ان قرضوں سے پاکستان میں آبی وسائل اور زرعی شعبے میں انقلابی بہتری، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ اور دیہی آبادی کے لیے غذائی تحفظ یقینی بنانے میں مدد ملے گی
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے صوبوں میں آبی وسائل اور زرعی انتظام کو بہتر بنانے کے لیے مجموعی طور پر 468 ملین ڈالر کے دو قرضوں کی منظوری دے دی ہے۔
ان منصوبوں سے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کے لیے مقامی آبادی کی استعداد بڑھانے، دیہی معاش کو بہتر بنانے اور تقریباً 7 لاکھ 28 ہزار افراد کے لیے غذائی تحفظ یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
خیبرپختونخوا میں لچکدار آبپاشی اور زرعی معاش کی ترقی کے منصوبے کے لیے 208 ملین ڈالر کا رعایتی قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت نوشہرہ، صوابی اور اپر چترال کے اضلاع میں جدید اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات برداشت کرنے والے آبپاشی نظام اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے ذریعے زرعی پیداوار بڑھانے اور چھوٹے کاشت کاروں کی آمدنی میں اضافے میں مدد ملے گی۔
ترقیاتی بینک نے جمعہ کو جاری بیان میں بتایا کہ منصوبے کے تحت خواتین کو روزگار کے مواقع سے متعلق تربیت بھی فراہم کی جائے گی، جبکہ آبی وسائل کے انتظام اور فیصلہ سازی میں خواتین کا کردار بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
دوسری جانب پنجاب میں مربوط پہاڑی سیلابی ریلوں کے انتظام کے منصوبے کے لیے 260 ملین ڈالر کا رعایتی قرض منظور کیا گیا ہے، جس کا مقصد پہاڑی علاقوں میں اچانک آنے والے سیلاب کے خطرات کم کرنا اور سیلابی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔
اے ڈی بی کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا کہ یہ منصوبے ماحولیاتی دباؤ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نمٹنے کے ساتھ غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ان کے بقول دیہی آبادی کی معاشی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے پانی کے مؤثر انتظام کا مضبوط بنیادی ڈھانچہ اور پائیدار زرعی طریقے انتہائی اہم ہیں۔
خیبرپختونخوا میں منصوبے کے تحت آبپاشی کے نظام تعمیر اور بحال کیے جائیں گے تاکہ انہیں قدرتی آفات کے اثرات برداشت کرنے کے قابل بنایا جاسکے۔ اس کے علاوہ پانی کے انتظام کے جدید طریقے متعارف کرائے جائیں گے، کاشت کاروں کی استعداد بڑھانے کے لیے تربیتی سرگرمیاں شروع ہوں گی اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔
پنجاب میں منصوبے کے ذریعے پانی ذخیرہ کرنے، نکاسی آب اور سیلاب سے تحفظ کے لیے بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرکے سیلابی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنائی جائے گی۔ اس کے ساتھ سیلابی پانی سے آبپاشی سمیت پائیدار زرعی طریقوں اور قدرتی وسائل پر مبنی حل کو فروغ دیا جائے گا، جن کے ذریعے سیلابی پانی کو کارآمد بنا کر مقامی آبادی کی پانی تک رسائی بہتر بنانے، زیر زمین آبی ذخائر کو دوبارہ بھرنے اور قدرتی ماحولیاتی نظام کی بحالی میں مدد ملے گی۔
اے ڈی بی کے مطابق یہ منصوبے نہ صرف قدرتی آفات کے مضر اثرات سے مقامی آبادی کو محفوظ بنانے اور صوبائی سطح پر آفات سے نمٹنے کی تیاری بہتر بنانے میں مدد دیں گے بلکہ زرعی پیداوار میں اضافے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور زراعت، گھریلو استعمال اور ماحولیاتی بحالی کے لیے پانی کی قابل اعتماد فراہمی بھی یقینی بنائیں گے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے میں پائیدار، جامع اور موسمیاتی اثرات برداشت کرنے والی ترقی کے فروغ کے لیے معاونت فراہم کرنے والا ایک اہم کثیرالجہتی ترقیاتی ادارہ ہے۔


Comments