پاکستان میں ذیابیطس کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کے لیے پہلے قومی پروگرام کا آغاز کرنے کا فیصلہ ایک بروقت اور قابلِ ستائش اقدام ہے جس کا اعلان حال ہی میں ذیابیطس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ڈی اے پی) کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک کانفرنس میں کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پاکستان کی تقریباً ہر تین میں سے ایک آبادی ذیابیطس سے متاثر ہے، اس لیے روک تھام، بروقت تشخیص اور مؤثر علاج پر توجہ مرکوز کرنے والی ایک مربوط قومی حکمتِ عملی کا نفاذ بہت پہلے ہوجانا چاہیے تھا۔
اس بیماری کے بڑھتے بوجھ کے پیشِ نظر حکومت اور معاشرے کے لیے یہ ناگزیر ہوگیا ہے کہ وہ مزید تاخیر کیے بغیر عملی اقدامات کریں۔
خاص طور پر حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ پروگرام کے ابتدائی مرحلے میں عوامی آگاہی اور ذیابیطس کے خطرے کی بروقت تشخیص پر زور دیا گیا ہے۔
وفاقی وزارتِ صحت کے تعاون سے تیار کیا گیا یہ پروگرام جسے تین سے پانچ سال کے عرصے میں مکمل کیے جانے کی توقع ہے، ذیابیطس کے پھیلاؤ میں کردار ادا کرنے والے خطرے کے عوامل سے نمٹنے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے، بجائے اس کے کہ بیماری لاحق ہونے کے بعد محض اس کا علاج کیا جائے۔ تاہم اس پروگرام کی کامیابی کا انحصار مسلسل سیاسی عزم، مناسب مالی وسائل اور وفاقی و صوبائی محکمہ ہائے صحت کے درمیان مؤثر ہم آہنگی پر ہوگا۔
بنگلہ دیش کے آزمودہ اور مؤثر مسجد پر مبنی ذیابیطس سے متعلق آگاہی اور اسکریننگ کے ماڈل کو اپنانے کا فیصلہ بھی اسی طرح قابلِ ستائش ہے۔ اس ماڈل کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے تمام 57 رکن ممالک میں متعارف کرانے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔ مساجد صحت سے متعلق ضروری معلومات عوام تک پہنچانے کے لیے مؤثر ذرائع اور پلیٹ فارم کا کردار ادا کرسکتی ہیں۔
ذیابیطس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالباسط کے مطابق بنگلہ دیش کے اس اقدام کے نتیجے میں مخصوص علاقوں میں ایک سال کے دوران ذیابیطس کے نئے مریضوں کی تعداد میں 42 فیصد تک کمی واقع ہوئی۔ بعد ازاں اس پروگرام کو وسعت دے کر تقریباً تین لاکھ مساجد تک پہنچا دیا گیا جہاں اب ہر جمعے کو اندازاً دو سے چار کروڑ افراد اس سے مستفید ہوتے ہیں۔
مقامی حالات کے مطابق اس طریقۂ کار کو اپنانے سے پاکستان کے لاکھوں شہریوں کو ذیابیطس سے متعلق آگاہی اور ابتدائی تشخیصی اسکریننگ کی سہولت فراہم کی جاسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ صحت کے ایک مشترکہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے وسیع تر علاقائی تعاون کا موقع بھی فراہم کر سکتا ہے۔
خواتین، بالخصوص دورانِ حمل، کی صحت پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ جیسا کہ ماہرینِ صحت نے نشاندہی کی ہے، حمل کے دوران ہونے والی ذیابیطس کی تشخیص نہیں ہو پاتی، حالانکہ یہ ماں اور بچے دونوں کی صحت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔
حمل سے پہلے اور دورانِ حمل خون میں گلوکوز کی سطح کی باقاعدہ جانچ، نیز زچگی کی قابلِ رسائی طبی سہولیات کی فراہمی، پیچیدگیوں سے بچاؤ اور زندگی کے بعد کے مراحل میں ٹائپ ٹو ذیابیطس لاحق ہونے کے خطرے کو کم کرنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔
عوامی آگاہی کی مہمات میں صحت بخش غذا کے استعمال، باقاعدہ ورزش، وزن کو متوازن رکھنے اور معمول کے طبی معائنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جانا چاہیے۔ صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے اور بیماری کی بروقت تشخیص کی حوصلہ افزائی کرنے میں اسکولوں، دفاتر، مذہبی اداروں، سول سوسائٹی اور ذرائع ابلاغ سب کا اپنا اپنا کردار ہے۔
مسلسل نگرانی کے ذریعے خون میں گلوکوز کی سطح جانچنے سمیت جدید ٹیکنالوجیز ذیابیطس کے مؤثر انتظام میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں، تاہم ان کے فوائد کو آبادی کے وسیع تر طبقے تک پہنچانے کے لیے ان کی سستی قیمت اور آسان دستیابی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
اس امید افزا اقدام کا اصل امتحان اس پر عمل درآمد ہوگا۔ حکومت کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ان کوششوں کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہے، بالخصوص ان پسماندہ اور محروم علاقوں میں جہاں صحت کی سہولیات تک رسائی اب بھی محدود ہے۔
ذیابیطس کی روک تھام کی ذمہ داری صرف طبی ماہرین تک محدود نہیں رکھی جا سکتی، بلکہ اس مقصد کے حصول کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کی فعال شرکت ضروری ہے۔ سیاسی عزم اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کے ساتھ پاکستان ایک صحت مند مستقبل کی جانب بامعنی پیشرفت کر سکتا ہے اور ذیابیطس سے پاک قوم بننے کے خواب کو حقیقت کا روپ دے سکتا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026


Comments