کراچی عمارت حادثہ، مراد علی شاہ کا اعلیٰ افسران کو ہٹانے اور معطل کرنے کا حکم
- ڈپٹی کمشنر ایسٹ اور ایس ایس پی ایسٹ عہدوں سے ہٹا دیے گئے، سیکریٹری بلدیات وفاقی حکومت کے حوالے
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلوچ کالونی کے قریب زیر تعمیر عمارت گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سرکاری افسران کو عہدوں سے ہٹانے اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے 16 افسران کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کو فوری گرفتار کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ انسانی جانوں کے ضیاع اور عوامی مشکلات کا سبب بننے والی غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی ہوگی۔
اجلاس میں بریفنگ اور وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے مشاورت کے بعد وزیراعلیٰ نے سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد کو صوبائی عہدے اور ڈی جی ایس بی سی اے کی ذمہ داری سے ہٹانے، ان کی خدمات وفاقی حکومت کے سپرد کرنے اور فوری معطلی کی سفارش کرتے ہوئے ان کے کردار کی باضابطہ تحقیقات کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی کو بھی عہدے سے ہٹانے جبکہ وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار کے مشورے پر ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی مبینہ غفلت کے باعث فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کی ہدایت کی۔ واقعے سے متعلق ایس بی سی اے کے 16 افسران کو معطل کرکے ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا حکم بھی دیا گیا۔
مراد علی شاہ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ عمارت کے آرکیٹیکٹ اور اسٹرکچرل انجینئر کو بھی تحقیقات میں شامل کیا جائے، تاکہ معلوم ہوسکے کہ تعمیرات منظور شدہ نقشے، بلڈنگ قوانین اور حفاظتی ضوابط کے مطابق تھیں یا نہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو شفاف تحقیقات یقینی بنانے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی۔
منظور شدہ حدود سے تجاوز کرکے عمارت تعمیر کرنے کا انکشاف
ایس بی سی اے کے مطابق منہدم ہونے والی چھ منزلہ عمارت رہائشی پلاٹ پر تجارتی مقاصد کے لیے تعمیر کی جارہی تھی، جس کی مطلوبہ منظوری حاصل نہیں کی گئی تھی۔ پلاٹ پر گراؤنڈ پلس دو منزلہ عمارت کی اجازت تھی، تاہم بلڈر نے منظوری کے بغیر گراؤنڈ پلس پانچ منزلہ عمارت تعمیر کردی۔
واقعہ بدھ کو بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں پیش آیا، جہاں زیر تعمیر عمارت گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوئے۔
دوسری جانب علاقہ مکینوں نے سوال اٹھایا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات متعلقہ اداروں کی نظروں سے کیسے اوجھل رہیں اور کارروائی عمارت گرنے کے بعد ہی کیوں شروع کی گئی؟ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بروقت کارروائی کی جاتی تو ایسے حادثات سے بچا جاسکتا تھا۔


Comments