آم کی برآمدات بڑھانے کیلئے سندھ زرعی یونیورسٹی میں حفاظتی تھیلوں کا یونٹ قائم
- ان اقدامات سے یونیورسٹی اور صنعتی شعبے کے درمیان اشتراک مضبوط ہوگا، وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال
سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی (ایس اے یو) ٹنڈو جام نے آموں کا معیار بہتر بنانے، کیڑے مار ادویات کی باقیات کم کرنے اور ملکی برآمدی صلاحیت مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کا پہلا فروٹ پروٹیکشن پیپر بیگ تیار کرنے کا یونٹ قائم کیا ہے۔ اس یونٹ کی تعمیر آخری مراحل میں ہے جبکہ اس کے ساتھ جدید ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ یونٹ بھی قائم کیا جارہا ہے جس کا مقصد عالمی منڈیوں کے معیار اور نباتاتی صحت سے متعلق تقاضے پورے کرنا ہے۔
یہ دونوں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی یونٹ وزارتِ تجارت، حکومت پاکستان کے تحت ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ (ای ڈی ایف) اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کی مالی معاونت سے قائم کیے جا رہے ہیں۔ یہ منصوبہ برآمدی آموں کے لیے بیماریوں کی تشخیص اور تحقیقی مرکز کا قیام کے عنوان سے شروع کیا گیا ہے۔
وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے یونیورسٹی کے بزنس انکیوبیشن سینٹر کے قریب قائم اس یونٹ کا دورہ کیا اور وہاں جاری تنصیب اور ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ منصوبے کے پرنسپل انویسٹی گیٹر اور شعبہ پلانٹ پیتھالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد ابراہیم کھوسو نے انہیں منصوبے کی پیشرفت، تکنیکی خصوصیات اور آم کے کاشت کاروں و برآمد کنندگان کے لیے متوقع فوائد کے بارے میں بریفنگ دی۔
وائس چانسلر کو بتایا گیا کہ پیپر بیگ پروڈکشن یونٹ میں خصوصی ڈیزائن کے حفاظتی تھیلے تیار کیے جائیں گے جنہیں درختوں پر موجود نشوونما پاتے آموں پر چڑھایا جائے گا تاکہ انہیں کیڑوں، بیماریوں اور ناموافق موسمی حالات سے محفوظ رکھا جاسکے۔ اس ٹیکنالوجی سے پھلوں کو پہنچنے والے نقصان اور کیمیائی کیڑے مار ادویات پر انحصار کم ہونے کے ساتھ محفوظ اور ماحول دوست طریقوں سے پھلوں کی پیداوار کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
ابتدائی طور پر آموں کے لیے تیار کی جانے والی اس سہولت میں بعد ازاں دیگر اہم تجارتی پھلوں، جن میں امرود، انگور، چیکو اور مالٹے شامل ہیں کے لیے بھی حفاظتی تھیلے تیار کیے جائیں گے۔ اس اقدام سے کاشتکاروں کو پھلوں کا معیار بہتر بنانے، کیڑے مار ادویات کی باقیات کم کرنے اور عالمی برآمدی معیارات پر پورا اترنے میں مدد ملے گی۔
منصوبے کا ایک اور اہم جزو مینگو ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ یونٹ ہے جو پاکستان میں کاشت کی جانے والی آم کی مختلف اقسام کے لیے گرم پانی سے ٹریٹمنٹ کے سائنسی طور پر مستند طریقہ کار پر تحقیق اور تیاری کے مقصد سے قائم کیا جا رہا ہے۔ اس سہولت سے مقامی حالات میں بین الاقوامی ٹریٹمنٹ معیارات کی موزونیت کا جائزہ لینے اور پاکستانی آموں کی برآمد میں حائل تکنیکی مشکلات دور کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ یونٹ بین الاقوامی نباتاتی صحت اور معیار کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ٹریٹمنٹ کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کی سائنسی بنیاد بھی فراہم کرے گا جس سے برآمد کنندگان کو مزید عالمی منڈیوں تک رسائی ملنے کے امکانات روشن ہوں گے۔
دونوں یونٹس پر جاری کام کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا کہ ان اقدامات سے یونیورسٹی اور صنعتی شعبے کے درمیان اشتراک مضبوط ہوگا، ٹیکنالوجی پر مبنی باغبانی کو فروغ ملے گا، برداشت کے بعد پھلوں کے ضیاع میں کمی آئے گی اور پاکستانی آموں کی عالمی منڈیوں تک رسائی بہتر ہوگی۔


Comments