رائزنگ اسٹارز ایشیاکپ میں پاکستان شاہینز کی فتح، بھارت اے کو 48 رنز سے ہرادیا
- کامیابی کے بعد پاکستان شاہینز گروپ بی میں 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست
ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے مقابلے میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 48 رنز سے ہرادیا۔
دوحہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے 49.2 اوورز میں 313 رنز بناتے ہوئے بھارت اے کو جیت کیلئے 314 رنز کا ہدف دیا۔
شاہینز کی جانب سے حسن نواز 79 ، معاذ صداقت 59 اور فرحان یوسف 56 رنز اور شامل حسین 33 رنزکے ساتھ نمایاں رہے جبکہ بھارت کی جانب سے ہرشت رانا ، پرنس یادیو ، سوریانش اور وپراج نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 49.1 اوورز میں 265 رنز پر آؤٹ ہوگئی، بھارت اے کے کپتان تلک ورما نے شاندار سنچری اسکور کی، تاہم وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
تلک ورما 149 گیندوں پر 100 رنز بنا کر احمد دانیال کی گیند پر وکٹ کیپر روہیل نذیر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ابھیشک شرما 70 اور شہباز احمد نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا اور حسن نواز نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ ٹاس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ بھی نہیں ملایا۔ یہ روایت پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ مقابلوں میں بھی برقرار رہی ہے۔
اس کامیابی کے بعد پاکستان شاہینز گروپ بی میں 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔


Comments