لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر، اے کیو آئی 538 ریکارڈ
- 22 نومبر کو صبح 9 سے 10 بجے کے درمیان لاہور میں اے کیو آئی کی یہ سطح ریکارڈ کی گئی
سوئس ادارے آئی کیو ایئر کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق لاہور اتوار کو ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر رہا، جہاں فضائی معیار کا اشاریہ (اے کیو آئی) 538 تک پہنچ گیا۔
22 نومبر کو صبح 9 سے 10 بجے کے درمیان لاہور میں اے کیو آئی کی یہ سطح ریکارڈ کی گئی، جو آلودگی کے خطرناک درجے میں آتی ہے اور صحت کے لیے سنگین خطرات کی نشاندہی کرتی ہے۔
بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی 207 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے، کراچی 180 کے ساتھ تیسرے، ممبئی 177 کے ساتھ چوتھے جبکہ مصر کا شہر قاہرہ 162 کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا۔
لاہور میں آلودگی کی سطح دنیا کی فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود دہلی کے مقابلے میں دو گنا سے بھی زیادہ تھی۔
فضائی آلودگی کی بگڑتی صورت حال آئی کیو ایئر کی پاکستانی شہروں کی درجہ بندی میں بھی نمایاں رہی، جہاں پنجاب کے آٹھ شہر ملک کے آلودہ ترین شہری مراکز میں شامل تھے۔
آئی کیو ایئر کے مطابق 300 سے زیادہ اے کیو آئی خطرناک درجے میں شمار ہوتا ہے، جو آلودہ ہوا میں سانس لینے سے صحت کو سنگین نقصان پہنچنے کے خدشات ظاہر کرتا ہے۔
شہروں کی درجہ بندی ہر گھنٹے اپ ڈیٹ ہوتی ہے، اس لیے دن بھر آلودگی کی سطح اور شہروں کی پوزیشن تبدیل ہو سکتی ہے۔


Comments