وال اسٹریٹ پر اینتھروپک کے حصص کی چمک ماند، اے آئی شعبے میں سرمایہ کاروں کی مایوسی برقرار
- مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے رجحان کی عکاسی کرنے والی کمپنی اینتھروپک کی لسٹنگ کے بعد حصص میں گراوٹ نے سرمایہ کاروں کو حقیقت کا سامنا کرا دیا، کمپنی کی اسٹاک مارکیٹ میں آمد کو مشکلات سے دوچار اے آئی سیکٹر کے لیے نئی تقویت کا ممکنہ ذریعہ قرار دیا جا رہا تھا
مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں جاری مندی نے سرمایہ کاروں کو مزید مایوس کر دیا، اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں متوقع شاندار آمد بھی منفی رجحان روکنے میں ناکام رہی۔
جمعہ کو کمپنی کے حصص 8.5 فیصد کمی کے بعد 88.91 ڈالر پر بند ہوئے، جو اس کی ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کی 83 ڈالر قیمت سے زیادہ دور نہیں۔
مشین لرننگ ماڈل بنانے والی پہلی بڑی کمپنی اینتھروپک کو اے آئی مارکیٹ کی نمائندہ کمپنی سمجھا جاتا ہے اور اس کی لسٹنگ کو مشکلات سے دوچار شعبے کے لیے تقویت کا ذریعہ قرار دیا جا رہا تھا۔
سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی پر رواں سال ایک ٹریلین ڈالر سے زائد اخراجات کے باوجود متوقع منافع حاصل نہیں ہو رہا۔ ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر میں سیاسی رکاوٹوں اور این ویڈیا میں قیادت سے متعلق غیر یقینی صورتحال نے بھی دباؤ بڑھایا ہے۔
این ویڈیا کے حصص 14 فیصد، میٹا کے 6 فیصد، ایمیزون کے 4 فیصد اور مائیکروسافٹ کے 3 فیصد گر گئے، جبکہ اے ایم ڈی اور مارویل کے حصص میں بھی نمایاں کمی ہوئی۔
اب سرمایہ کاروں کی توجہ اوپن اے آئی کی ممکنہ لسٹنگ پر مرکوز ہے، جو اگلے سال اسٹاک مارکیٹ میں آ سکتی ہے۔ دوسری جانب متعدد اے آئی اور انفرااسٹرکچر کمپنیوں نے اپنے آئی پی او منصوبے 2027 تک مؤخر کر دیے ہیں۔


Comments