اسٹیٹ بینک نے بلڈرز اور ڈیولپرز کو فنانسنگ فراہم کرنے سے متعلق رہنما اصولوں میں نظرثانی کردی
- جس کا مقصد رہن کے لیے اہل رہائشی یونٹس کی فراہمی میں اضافہ اور پاکستان میں ہاؤسنگ فنانس کے مجموعی نظام کو مضبوط بنانا ہے
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے بلڈرز اور ڈیولپرز کو فنانسنگ فراہم کرنے سے متعلق رہنما اصولوں میں نظرثانی کردی ہے، جس کا مقصد رہن کے لیے اہل رہائشی یونٹس کی فراہمی میں اضافہ اور پاکستان میں ہاؤسنگ فنانس کے مجموعی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔
ان رہنما اصولوں کا مقصد محتاط رسک مینجمنٹ کو یقینی بناتے ہوئے بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں (ڈی ایف آئیز) کے ذریعے رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس (ریٹس)، بلڈرز اور ڈیولپرز کو فنانسنگ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ یہ اقدامات کارپوریٹ اور کمرشل بینکنگ سے متعلق قابل اطلاق احتیاطی ضوابط (پرڈینشل ریگولیشنز) اور بین الاقوامی بہترین طریقہ کار کے مطابق کیے گئے ہیں۔
نئے رہنما اصولوں کے تحت بینکوں اور ڈی ایف آئیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان ضوابط کی تعمیل یقینی بناتے ہوئے بلڈرز اور ڈیولپرز کی فنانسنگ کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے خصوصی یونٹس قائم کریں۔
اہلیت کے معیار کے مطابق، کسی بھی ریٹ، بلڈر، ڈیولپر یا پراجیکٹ ٹیم کے پاس متعلقہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا جاری کردہ مؤثر لائسنس ہونا ضروری ہے، جہاں اس کا اطلاق ہوتا ہو، یا پھر متعلقہ مجاز سرکاری شعبے کی اتھارٹی یا ادارے کے ساتھ منظور شدہ معاہدہ ہونا چاہیے۔
نجی ریٹس، بلڈرز اور ڈیولپرز کے لیے یہ بھی ضروری ہوگا کہ وہ کامیابی سے مکمل کیے گئے منصوبوں کی فہرست پیش کرکے اپنے مضبوط سابقہ ریکارڈ کا ثبوت دیں۔
اس کے علاوہ، ان کے پاس اس زمین کا واضح اور غیر متنازع ملکیتی حق ہونا چاہیے جس پر منصوبہ تعمیر کیا جانا ہے۔ زمین کسی بھی قسم کے چارجز، رہن، دعوے یا دیگر قانونی پابندیوں سے پاک ہونی چاہیے۔ زمین کی مالیت کو بلڈر یا اسپانسرز کی جانب سے منصوبے میں لگائے گئے ایکویٹی سرمائے کے طور پر تسلیم کیا جائے گا۔
منصوبہ اس قابل ہونا چاہیے کہ وہ اپنے قرض کی ادائیگی کے لیے کافی نقد رقم پیدا کرسکے۔ بینکوں اور ڈی ایف آئیز کو منصوبے کی تکنیکی فزیبلٹی رپورٹ کسی معتبر انجینئرنگ فرم سے آزادانہ طور پر جانچ کروانا ہوگی، جو متعلقہ ادارے مثلاً پاکستان انجینئرنگ کونسل وغیرہ کے ساتھ رجسٹرڈ ہو۔
بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں (ڈی ایف آئیز) کے لیے لازم ہوگا کہ وہ فنانسنگ کی رقم کے مطابق پلاٹس اور منصوبوں کی مالیت کا تخمینہ پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) سے منظور شدہ مستند ویلیوئرز سے حاصل کریں۔ 50 ملین روپے تک کی فنانسنگ کے لیے بینک یا ڈی ایف آئی کی جانب سے تیار کردہ ڈیسک ٹاپ ویلیوایشن کافی ہوگی۔ 50 ملین روپے سے زائد اور 500 ملین روپے تک کی فنانسنگ کے لیے کم از کم ایک منظور شدہ ویلیوئر سے مالیت کا تخمینہ حاصل کرنا ضروری ہوگا، جبکہ 500 ملین روپے سے زیادہ کی فنانسنگ کے لیے کم از کم دو منظور شدہ ویلیوئرز سے تخمینہ حاصل کرنا ہوگا۔
اسٹیٹ بینک نے بینکوں اور ڈی ایف آئیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ تعمیراتی مرحلے کے دوران فنانسنگ کے درست استعمال کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ نگرانی کا نظام قائم کریں۔ منصوبے کے اکاؤنٹس، پراجیکٹ ایسکرو اکاؤنٹ اور منصوبے کے انتظام و آپریشن کے لیے ضروری سمجھے جانے والے دیگر تمام اکاؤنٹس کی مناسب جانچ پڑتال یا آڈٹ بھی کیا جائے گا۔
بینکوں اور ڈی ایف آئیز کو یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ ریٹ، بلڈر یا ڈیولپر منصوبے کے لیے مؤثر اور قانونی طور پر قابلِ نفاذ جامع انشورنس یا تکافل کوریج حاصل کرے۔ اس میں کنٹریکٹرز آل رسک انشورنس پالیسی یا اس کے مساوی انشورنس تحفظ شامل ہوگا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026


Comments