یانگو صارفین اب بینک کارڈز کے ذریعے ادائیگی کر سکیں گے
- ایک مؤثر پلیٹ فارم کے لیے ضروری ہے کہ وہ صارفین کو کسی سروس کے انتخاب سے لے کر اس کی ادائیگی تک مکمل سہولت فراہم کرے، فیصل افتخار
یانگو پاکستان نے تمام صارفین کیلئے بینک کارڈ کے ذریعے ادائیگی کی سہولت متعارف کرادی جس کے تحت صارفین اپنے ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈز یانگو ایپ سے منسلک کرکے سفری سہولیات، ڈلیوری اور دیگر خدمات کے بل ڈیجیٹل طریقے سے ادا کرسکیں گے۔
اس سہولت کے آغاز کے ساتھ یانگو رائیڈ پاکستان کی پہلی رائیڈ ہیلنگ سروس بن گئی ہے جو صارفین کو کارڈ کے ذریعے ادائیگی کا آپشن فراہم کررہی ہے۔
یانگو کے مطابق صارفین اپنے کسی بھی بینک کا کارڈ، بشمول ویزا، ماسٹر کارڈ، پے پاک اور یونین پے وغیرہ، اپنے یانگو اکاؤنٹ سے منسلک کر سکتے ہیں۔ کارڈ کی تصدیق اور منظوری کے بعد اسے سپر ایپ پر دستیاب یانگو کی تمام خدمات کی ادائیگی کے لیے استعمال کیا جا سکے گا جس سے صارفین کو مکمل طور پر نقد رقم کے بغیر سفر اور دیگر سہولیات سے استفادے کا موقع ملے گا۔
پاکستان میں روزمرہ لین دین میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر یانگو اپنی خدمات تک صارفین کی رسائی اور ادائیگی کے طریقوں کو وسعت دے رہی ہے۔ ایپ میں ڈیجیٹل ادائیگی کے متعدد آپشنز کی فراہمی سے صارفین اپنی سہولت کے مطابق طریقہ منتخب کرسکیں گے جبکہ روزمرہ آمدورفت اور ای کامرس کی خدمات کے لیے نقد رقم پر انحصار بھی کم ہوگا۔
یانگو پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر فیصل افتخار نے کہا کہ ایک مؤثر پلیٹ فارم کے لیے ضروری ہے کہ وہ صارفین کو کسی سروس کے انتخاب سے لے کر اس کی ادائیگی تک مکمل سہولت فراہم کرے۔ پاکستان میں یانگو کے لیے کارڈ کے ذریعے ادائیگی کا آغاز اسی سمت میں ایک اہم قدم ہے جس سے صارفین کو ایک ہی ایپ کے اندر ادائیگی کے مزید لچکدار اختیارات میسر آئیں گے۔


Comments