سعودی کمپنی کا پاکستان میں 30 ارب ڈالر کی توانائی سرمایہ کاری کے امکانات پر غور
- پروگرام میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر واقع چمن سے پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ بھی شامل ہے
سعودی توانائی کمپنی ڈیلٹا انرجی سعودی نے جنوبی ایشیائی ملک پاکستان میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کی انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ کمپنیوں نے منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں بتایا کہ اس منصوبے میں تقریباً 30 ارب ڈالر کی مجوزہ سرمایہ کاری کی جائے گی۔
بیان کے مطابق اس پروگرام کے تحت پاکستان کی مغربی سرحد سے ملک میں داخل ہونے والی قدرتی گیس کی پائپ لائن کے منصوبے کا جائزہ لیا جائے گا جو جنوب مغربی حصے میں بحیرۂ عرب کے ساحل پر واقع بندرگاہ گوادر تک پہنچے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس منصوبے میں پائپ لائن کو مشرقی سرحد تک توسیع دینے کے امکان کے ساتھ ساتھ ایل این جی کی تنصیبات، گیس کی پراسیسنگ اور ذخیرہ کرنے کی سہولیات اور برآمدی ٹرمینلز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
اس پروگرام میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر واقع چمن سے پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ بھی شامل ہے جو پاکستان کے راستے بھارتی سرحد کے قریب فاضلکا تک پہنچے گی۔ ڈیلٹا انرجی نے اس روٹ کو بنیادی تزویراتی عزم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کیلئے پاکستانی اور بھارتی حکام کے ساتھ باضابطہ روابط اور معاہدوں کی ضرورت ہوگی۔
پاکستان میں گیس کی ترسیل کے لیے دیگر پائپ لائنوں کے منصوبے بھی کئی برسوں سے تاخیر کا شکار ہیں۔
ڈیلٹا انرجی نے افغانستان میں قشقہ گیس کے ذخائر اور دیگر افغان وسائل کو گیس کی ممکنہ فراہمی کے ذرائع کے طور پر شناخت کیا ہے۔ کمپنی نے کہا کہ یہ پروگرام ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت (تاپی) گیس پائپ لائن منصوبے سے الگ ہے اور اس کا انحصار ترکمانستان پر نہیں ہوگا۔
معاہدہ ان منصوبوں کے جائزے کے لیے ایک لائحہ عمل فراہم کرتا ہے، تاہم یہ حتمی سرمایہ کاری کے فیصلے، مالی معاونت فراہم کرنے یا منصوبوں کی تعمیر کے کسی عزم کا متقاضی نہیں ہے۔


Comments