انڈر 19 ایشیا کپ فائنل: پاکستان نے بھارت کو جیت کیلیے 338 رنز کا ہدف دے دیا
- پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 337 رنز بنائے
انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میچ میں دفاعی چیمپئن پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 338 رنز کا ہدف دے دیا۔
عمان میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 337 رنز بنائے۔
اپنرز نے 62 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔
حیام خان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو عبدالقادر نے کریز پر آتے ہی چھکوں اور چوکوں کی برسات کردی۔
پاکستان نے پہلے پاور پلے میں ایک وکٹ کے نقصان پر 93 رنز بنائے۔
عثمان خان اور عبدالقادر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 135 رنز کی شراکت قائم کی۔
عثمان خان نے 111 گیندوں پر 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
عبدالقادر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 80 رنز بنائے جبکہ کپتان فرحان یوسف نے 60 گیندوں پر 63 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے کاویا پاریش پٹیل نے 4، وینکاٹا نے 3 جبکہ ارجن راجپوت نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اب تک ناقابلِ شکست ہے، جبکہ بھارت کو گروپ میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


Comments