انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان نے نیپال کو 101 رنز سے شکست دے دی
- احمد حسین کی آل راؤنڈ کارکردگی؛ 89 رنز بنانے کے ساتھ 4 وکٹیں بھی حاصل کیں
پاکستان انڈر 19 نے منگل کے روز عمان کے شہر العامرات میں ایشین کرکٹ کونسل انڈر 19 ایشیا کپ 2026ء کے 12ویں میچ میں نیپال کو 101 رنز سے یکطرفہ شکست دے دی۔
پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر پاکستان نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے۔ احمد حسین اور کپتان فرحان یوسف نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
احمد حسین نے 73 گیندوں پر 89 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ فرحان یوسف نے 95 گیندوں پر 74 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
حسنین عباس ڈار نے 23 گیندوں پر تیز رفتار 25 رنز بنائے، جبکہ جہانگیر بلال نے 22 رنز کا اضافہ کیا۔
نیپال کی جانب سے بپن شرما نے 58 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سشیل راول نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
276 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی ٹیم شراکتیں قائم کرنے میں ناکام رہی اور 43.4 اوورز میں 174 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
روہت چند نے 54 گیندوں پر 37 رنز بنائے، جبکہ نیرج کمار یادو نے 29 رنز اسکور کیے۔ ابھے یادو نے 16 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز کھیلی۔
احمد حسین نے آل راؤنڈ کارکردگی کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 35 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح انہوں نے میچ میں 89 رنز بنانے کے ساتھ 4 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔
محمد حذیفہ اور محمد صیام نے بھی 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جس کی بدولت پاکستان نے نیپال کو آل آؤٹ کرکے شاندار کامیابی حاصل کی۔


Comments